1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی20 سیریز: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دس وکٹوں سے ہرا دیا

عابد حسین17 جنوری 2016

پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جانب سے دے گئے169 رنزکے ٹارگٹ کو نیوزی لینڈ کی افتتاحی بلے باز جوڑی نے بڑی آسانی سے حاصل کر لیا۔ یہ میچ جیت کر نیوزی لینڈ نے سیریز برابر کر دی ہے۔ پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا۔

https://p.dw.com/p/1HevK
Neuseeland Cricket World Cup 2015
تصویر: Reuters/N. Marple

نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن اور مارٹن گپٹل نے آج اتوار کے روز ہملٹن شہر میں ریکارڈ ساز شراکت قائم کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو شکست سے دوچار کر دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 171 رنز ناٹ آؤٹ پارٹنرشپ قائم کی۔ یہ بین الاقوامی سطح پر ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پہلی وکٹ کے لیے بنائی جانے والی کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ یہ پارٹنرشپ صرف پہلی وکٹ کے لیے ہی نہیں بلکہ ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ کی سب سے بڑی شراکت بھی ہے۔

اِس سے قبل پندرہ نومبر سن 2009 میں جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی افتتاحی جوڑی نے انگلینڈ کے خلاف 170 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم اسمتھ اور سیاہ فام بیٹسمین لُوٹس بوسمین نے سینچورین کرکٹ گراؤنڈ پر یہ بڑی شراکت قائم کی تھی۔ آج نیوزی لینڈ کے شہر ہملٹن میں جنوبی افریقی شراکت کو کین ولیمسن اور مارٹن گپٹل نے توڑ دیا۔ آج کی شراکت میں گپٹل 87 اور ولیمسن 72 رنز بنا سکے اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔

Cricket Afghanistan vs Pakistan 27.02.2014
عمر اکمل 27 گیندوں پر 56 رنز بنا سکے، وہ 22 بالز پر نصف سیینچری بنانے میں کامیاب ہوئے تھےتصویر: Reuters

نیوزی لینڈ کے دونوں بیٹسمینوں کو پاکستانی بالروں کی کمزور اور غیر معیاری بالنگ نے بھی بڑی شراکت قائم کرنے میں مدد دی۔ ہملٹن گراؤنڈ پر 168 کے پاکستانی اسکور کو ماہرین نے تقریباً میچ وننگ ٹارگٹ سے بیس رنز کم خیال کیا تھا۔ کرکٹ کے ناقدین کے مطابق پاکستانی بالر اگر نپی تلی گیند بازی کا مظاہرہ کرتے تو 169 کا ٹارگٹ مشکل بنایا جا سکتا تھا۔ کمزور گیندوں کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے دونوں بیٹسمین پہلے پانچ اوورز میں پچاس سے زائد رنز بنانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ دوسری جانب پاکستانی بیٹسمین اپنے پہلے دس اوورز میں محض ساٹھ رنز بنا سکے تھے۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ ابتداء ہی سے پاکستانی بیٹسمینوں نے محتاط کھیل پیش کرنا شروع کر دیا۔ صہیب مقصود بیس سے زائد گیندیں کھیل کر بھی کوئی بڑا اسکور نہیں بنا سکے۔ شعیب ملک اور عمر اکمل کی شاندار 63 رنز کی شراکت نے پاکستانی اسکور کی صورت کو بہتر بنایا۔ شعیب تیس بالز پر39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عمر اکمل 27 گیندوں پر 56 رنز بنا سکے، وہ 22 بالز پر نصف سیینچری بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔