1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹیکساس: پارک شدہ ٹرک سے آٹھ لاشیں برآمد

William Yang/ بینش جاوید خبر رساں ادارے
23 جولائی 2017

امریکی ریاست ٹیکساس میں سان انٹونیو کے علاقے میں واقع وال مارٹ اسٹور کی پارکنگ میں کھڑے ٹرک سے آٹھ افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ ہلاکتیں بظاہر ’’انسانی اسمگلنگ کے جرم‘‘ کا نتیجہ ہیں۔

https://p.dw.com/p/2h1Ve
USA Texas tote Flüchtlinge in LKW gefunden
تصویر: picture-alliance/Zuma Press/SanAntonio Express-News/E. A. Ornelas

سان انٹونیو کے پولیس سربراہ ولیم میک مانُس اور فائر بریگیڈ کے سربراہ چارلس ہوڈ نے صحافیوں کو بتایا کہ 28 دیگر افراد زخمی حالت میں ملے ہیں، جن میں سے 20  کی حالت تشویش ناک ہے اور سات مختلف ہسپتالوں میں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ پولیس سربراہ کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام بالغ افراد ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس ٹرک سے یہ لاشیں اور زخمی افراد ملے ہیں اس کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

میک مانُس نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا، ’’ہمیں وال مارٹ کے ایک  ملازم کی کال موصول ہوئی جس کا کہنا تھا کہ ٹریکٹر ٹریلر وہاں پارک ہے۔ اس ملازم کے پاس اس ٹرک میں سے ایک فرد پہنچا تھا جو پینے کے لیے پانی کی تلاش میں تھا۔‘‘

پولیس سربراہ کے مطابق اس ملازم نے مذکورہ شخص کو پانی فراہم کیا اور ساتھ ہی پولیس کو بھی کال کر دیا۔ پولیس نے وہاں پہنچ کر اس ٹریلر کے پچھلے حصے میں آٹھ لاشوں کو برآمد کیا۔ اس کے علاوہ 20 دیگر ایسے افراد بھی ملے جن کی حالت یا تو انتہائی تشویشناک تھی یا بہت نازک۔ سان انٹونیو پولیس کے سربراہ کے مطابق وال مارٹ کی فوٹیج میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ وہاں کچھ گاڑیاں آئیں اور مذکورہ ٹرک سے کچھ لوگوں کو ساتھ لے گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے اس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے اور ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے لوگ وہاں سے نکلنے میں کامیاب رہے۔

USA Texas tote Flüchtlinge in LKW gefunden
پولیس انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے اس واقعے کی تفتیش کر رہی ہےتصویر: picture-alliance/Zuma Press/SanAntonio Express-News/E. A. Ornelas

فائر بریگیڈ کے سربراہ چارلس ہوڈ کے مطابق مذکورہ ٹریلر کا ایئرکنڈیشنگ نظام کام نہیں کر رہا تھا۔ سان انٹونیو شہر میکسیکو کی ریاست نُوایو لیون کی سرحد سے چند گھنٹوں کی مسافت پر واقع ہے جبکہ اس علاقے کا موسم شدید گرم اور خشک تھا۔

پولیس سربراہ کے مطابق اس واقعے کی اطلاع وفاقی امیگریشن حکام اور کسٹم حکام کو بھی کر دی گئی ہے۔