1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد مائکل وان نے کپتانی چھوڑدی

گوہر نذیر3 اگست 2008

جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے خلاف جاری چار میچوں پر مبنی ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد مائکل وان نے بحیثیت انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ ون ڈے ٹیم کے کپتان کالنگ ووڈ بھی اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Epke
اب میں کپتانی نہیں کروں گا: مائکل وانتصویر: AP

یہ اعلان Loughborough میں بلائی گئی ایک پریس کانفرنس میں سامنے آیا۔ مائکل وان اور پال کالنگ ووڈ کے فیصلوں کی وجہ سے اب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں، دونوں ہی کے لئے نئے کپتان کا انتخاب کرنا ہوگا۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے لئے کیون پیٹرسن سب سے مضبوط دعوے دار ہیں کیوں کہ ان کا شمار ٹیم کے ایسے کھلاڑیوں میں ہوتا ہےجن کی جگہ ون ڈے اور ٹیسٹ میچوں میں یقینی ہے۔

Paul Collingwood England Cricket
پال کالنگ ووڈ نے ایجبسٹن ٹیسٹ میچ میں یہ شاندار چھکہ مار کر اپنی سنچری مکمل کی تاہم انگلینڈ یہ میچ ہار گیاتصویر: AP

ہفتے کے روز جنوبی افریقہ نے ایجبسٹن ٹیسٹ میں پانچ وکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کرکے جاری سیریز میں دو۔ صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی اور اس طرح سن 1965ء کے بعد پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ نے انگلینڈ میں میزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت لی۔

مائکل وان نے اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے جذباتی انداز میں کہا کہ ان کے خیال میں‍ ان کے اس فیصلے کے لئے صحیح وقت آگیا تھا۔ ’’ یہ فیصلہ میری زندگی کا سب سے مشکل ترین ہے، لیکن آسان بھی۔ مجھے لگتا ہے اس فیصلے سے میرا کرکٹ کیرئیر طویل ہوگا۔‘‘ وان نے مزید کہا کہ وہ اوول ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کریں گے کیوں کہ وہ چاہتے ہیں کھیل سے تھوڑا وقت دور رہیں۔ تاہم انگلینڈ کے اس مایہ ناز بیٹسمین نے کہا کہ وہ مستقبل کے مقابلوں میں سلیکشن کے لئے مہیا ہوں گے۔

مائکل وان نے 51 میچوں میں ٹیم کی قیادت کی۔ ان کی لیڈرشپ میں انگلینڈ نے 26 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ اعدادوشمار کے اعتبار سے وہ اپنی ٹیم کے اب تک کے سب سے کامیاب کپتان ثابت ہوئے ہیں۔

انگلینڈ ٹیم کے منیجنگ ڈائریکٹر Hugh Morris نے مائکل وان کے بارے میں کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ہی ایمانداری سے کپتانی کی۔ ’’ مائکل وان اپنی ٹیم کے بہترین سفیر ثابت ہوئے ہیں۔‘‘

مائکل وان نے 82 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 41.44 کی شاندار اوسط سے 5719 رن بنائے ہیں۔ اس سکور میں ان کی 18سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا بہترین سکور 197 رنز ہے۔ مائک گیٹنگ کے بعد مائکل وان انگلینڈ کے پہلے کپتان ہیں جن کی قیادت میں ٹیم نے ایشز سیریز میں فتح حاصل کی۔