1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئٹر کی سالگرہ: دس سال ہو گئے لیکن صارفین کم ہوتے ہوئے

امجد علی21 مارچ 2016

دس برس پہلے اکیس مارچ 2006ء کو محض اتفاقیہ طور پر شروع ہونے والی آن لائن سروس ٹوئٹر کے ذریعے صارفین اپنے مختصر پیغامات تیز رفتاری کے ساتھ پوسٹ کر سکتے ہیں۔ کاروباری اعتبار سے اس سروس کو خاطر خواہ کامیابی نہیں مل سکی ہے۔

https://p.dw.com/p/1IGva
Logo des Kurznachrichtendienstes Twitter,
تصویر: picture-alliance/dpa/O. Spata

یہ دس سال پہلے کی بات ہے کہ امریکی شہر سان فرانسسکو کی ایک کمپنی ’اوڈیو‘ نے انٹرنیٹ پر ایک آڈیو سائٹ بنانے کا ارادہ کیا۔ جس وقت اس ممکنہ ویب سائٹ کے سلسلے میں مختلف امکانات پر تبادلہٴ خیال ہو رہا تھا تو ایک سافٹ ویئر انجینئر جیک ڈورسی نے خیال پیش کیا کہ کیوں نہ ایس ایم ایس کے ذریعے مختصر پیغامات اس ممکنہ آڈیو ویب سائٹ پر کام کرنے والی ٹیم کے تمام ارکان کو بھیجے جائیں تاکہ ہر کسی کو اس منصوبے میں ہونے والی پیشرفت کا پتہ چلتا رہے۔

دو ہفتے کے اندر اندر ایک آزمائشی ویب سائٹ تیار ہو گئی اور ٹھیک اکیس مارچ 2006ء کو ڈورسی نے ایک پیغام روانہ کیا، جس کی عبارت تھی کہ ’جَسٹ سیٹنگ اَپ مائی ٹوئٹر‘ یعنی کچھ یوں کہ ’مَیں ابھی ابھی اپنا ٹوئٹر سَیٹ کر رہا ہوں‘۔ ٹوئٹر کے سلسلے میں یہ وہ سب سے پرانی عبارت ہے، جو تاحال دستیاب ہے اور دیکھی جا سکتی ہے۔

اس کے تین مہینے بعد کامیاب امریکی بلاگ وَیب سائٹ ’ٹَیک کرنچ‘ کو اس سروس کی بابت پتہ چلا۔ مارچ 2007ء میں ٹیکساس میں منعقد ہونے والی ایک ٹیکنالوجی کانفرنس میں ٹوئٹر کے لیے باقاعدہ راہ ہموار ہو گئی اور ایک مہینے بعد ہی ٹوئٹر کے نام سے ایک باقاعدہ کمپنی کی داغ بیل ڈال دی گئی۔

آج دس سال بعد صورتِ حال یہ ہے کہ کروڑوں لوگ مختصر پیغامات پوسٹ کرنے کے لیے اس آن لائن سروس کو استعمال کرتے ہیں۔ ان پیغامات کی طوالت البتہ محدود ہے اور زیادہ سے زیادہ ایک سو چالیس حروف یا ہندسوں اور علامات پر مشتمل ہو سکتی ہے۔

دو مہینے پہلے جیک ڈورسی نے، جو ٹوئٹر کے بانی اور دوسری مدت میں اس کے سربراہ بھی ہیں، یہ خیال پیش کیا تھا کہ ایک سو چالیس حروف کی حد کو لامحدود بھی کیا جا سکتا ہے تاہم بعد ازاں ڈورسی نے ہی اس خیال کو رَد کرتے ہوئے کہا کہ یہ حد برقرار رہے گی۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ پیغام کی عبارت کو زیادہ سے زیادہ جامع بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ سیاستدان، کھلاڑی، اداکار اور عام لوگ، سبھی اس سروس کو استعمال میں لاتے ہیں۔

USA Sängerin Katy Perry
ٹوئٹر پر مداحوں اور ’فالورز‘ کے اعتبار سے سرِ فہرست شخصیت امریکی پوپ اسٹار کیٹ پیری کی ہے، جن کے پیغامات کو اکٹھے 84.5 ملین صارفین ’فالو‘ کرتے ہیںتصویر: Getty Images/Bradley Kanaris

گزشتہ سال کے اختتام پر ٹوئٹر کے صارفین کی تعداد 305 ملین ریکارڈ کی گئی، جو اُس سے تین ماہ پہلے کے مقابلے میں دو ملین کم تھی۔ ٹوئٹر کے برعکس سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بُک کہیں زیادہ کامیاب ہے اور اُس کے صارفین کی تعداد 1.6 ارب تک پہنچ چکی ہے۔

فیس بُک کی طرح کی کاروباری کامیابی نہ ملنے کے باوجود ٹوئٹر اپنی دَسویں سالگرہ پر اس بات پر خوشی کا اظہار کر سکتا ہے کہ بہت سی مشہور شخصیات اپنے مداحوں اور پرستاروں تک اپنی بات پہنچانے کے لیے باقاعدگی کے ساتھ ٹوئٹر استعمال کر رہی ہیں۔

صدارتی امیدوار بننے کے خواہاں ری پبلکن سیاستدان اور امریکی ارب پتی ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر پر ’فالورز‘ کی تعداد تقریباً سات ملین ہے۔ ٹوئٹر پر مداحوں اور ’فالورز‘ کے اعتبار سے سرِ فہرست شخصیت امریکی پوپ اسٹار کیٹ پیری کی ہے، جن کے پیغامات کو اکٹھے 84.5 ملین صارفین ’فالو‘ کرتے ہیں۔ امریکی صدر باراک اوباما کے ’ٹوئٹر فالورز‘ کی تعداد بھی 71.1 ملین ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید