1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ نے صرف سابق ایف بی آئی سربراہ پر ہی دباؤ نہیں ڈالا تھا

مقبول ملک ڈی پی اے
7 جون 2017

امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس اپنی انتخابی مہم کے اعلیٰ عہدیداروں کے روس کے ساتھ روابط کی چھان بین کے سلسلے میں صرف ایف بی آئی کے سابق سربراہ جیمز کومی پر ہی دباؤ نہیں ڈالا تھا۔ بعد میں ٹرمپ نے کومی کو برطرف کر دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2eDyA
Bildkombo U.S. Präsident Donald Trump und FBI Direktor James Comey
صدر ٹرمپ نے جیمز کومی، دائیں، کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا تھاتصویر: Reuters/J. Lo Scalzo/G. Cameron

امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے بدھ سات جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق امریکی میڈیا میں یہ نیا انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ برس ریپبلکن صدارتی امیدوار کے طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سرکردہ اہلکاروں کے روس کے ساتھ ممکنہ رابطوں کی چھان بین، جو اس سال جنوری میں ٹرمپ کے صدر بن جانے کے بعد سے لے کر ابھی کچھ عرصہ پہلے تک جاری تھی اور جس کے لیے اب ایک خصوصی تفتیش کار بھی نامزد کیا جا چکا ہے، کے دوران صدر ٹرمپ نے نہ صرف وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے اس وقت کے سربراہ جیمز کومی پر شدید دباؤ ڈالا تھا بلکہ کئی دیگر اعلیٰ شخصیات بھی ٹرمپ کے اس رویے کا شکار ہوئی تھیں۔

لاوروف سے ملاقات: اسرائیل کا نام نہیں لیا تھا، ٹرمپ کا اصرار

ٹرمپ روس تعلقات: FBI کے سابق سربراہ تحقیقاتی افسر مقرر

اندر کی باتیں میڈیا تک نہ پہنچیں، ٹرمپ کی جیمز کومی کو تنبیہ

ڈی پی اے نے یہ بھی لکھا ہے کہ اسی صدارتی دباؤ کے باعث امریکی وزیر قانون بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہونا چاہتے تھے۔ اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جیمز کومی کے علاوہ نیشنل سیکرٹ سروس کے ڈائریکٹر ڈینیئل کوٹس پر بھی بہت دباؤ ڈالا تھا۔

USA Michael Flynn beim Briefing im Weißen Haus in Washington
ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر اور ریٹائرڈ جنرل مائیکل فلِنتصویر: Reuters/C. Barria

واشنگٹن پوسٹ نے اس بارے میں نام لیے بغیر اعلیٰ حکومتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ صدر ٹرمپ نے یہ کوشش بھی کی تھی کہ ’سیکرٹ سروس کی سرکردہ شخصیات کے ذریعے جیمز کومی پر دباؤ ڈالا جائے‘۔ جس وقت ٹرمپ نے جیمز کومی کو ان کے عہدے سے برطرف کیا تھا، اس وقت وہ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے روس کے ساتھ ممکنہ رابطوں ہی کی چھان بین کی سربراہی کر رہے تھے۔

ٹرمپ نے ایف بی آئی کے سربراہ جیمز کومی کو برطرف کر دیا

میری شکست میں جیمز کومی اور پوٹن کا ہاتھ ہے، کلنٹن

ایف بی آئی ہلیری کلنٹن پر فرد جرم عائد کرنے کی تجویز نہیں دے گی

ڈی پی اے نے واشنگٹن سے شائع ہونے والے امریکی اخبار کی اس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ جب ٹرمپ کی انتخابی مہم کے عہدیداروں کے روس کے ساتھ مبینہ رابطوں کی چھان بین جاری تھی، تو امریکی صدر کے طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوشش تھی کہ یہ تفتیش روک دی جائے۔

اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایف بی آئی کے سربراہ کے طور پر جیمز کومی سے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر مائیکل فلِن کے خلاف چھان بین روک دیں۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ نہیں چاہتے تھے کہ مائیکل فلِن کے حوالے سے کوئی چھان بین کی جائے۔