1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ، بنگلہ دیشی حکومت کی تیاریاں

13 فروری 2011

عالمی کپ کرکٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکہ خوبصورت طریقے سے سجایا جا رہا ہے۔ شہری انتظامیہ اور عوام کی کوشش ہے کہ وہاں آئندہ ہفتے منعقد کی جا رہی افتتاحی تقریب کو چار چاند لگا دیے جائیں۔

https://p.dw.com/p/10GQA
تصویر: AP

حکومت نے ڈھاکہ اور چٹاگانگ کے تمام ہوٹلوں، گھروں، گیسٹ ہاؤسز اور ایئر پورٹس کو کہہ دیا ہے کہ عالمی کپ کے انعقاد سے قبل ہی شہروں کو ایک نئی شکل دے دی جائے۔ سڑکوں کو خوبصورت بنایا جا رہا ہے، برقی قمقمے لگائے جا رہے ہیں جبکہ تمام اہم مقامات کو جھنڈیوں اور دیگر آرائشی سامان کی مدد سے دلہن کی طرح سجانے کی بھرپور کوشش جاری ہے۔

اسی کوشش میں سڑکوں کے کنارے ناجائز تجاوزات اور بھیک مانگنے والے افراد سے پاک بنانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ عارضی طور پر کی جا رہی ان تیاریوں میں ٹریفک کنٹرول پر بھی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے، کیونکہ عمومی طور پر بہت زیادہ ٹریفک کی وجہ سے ڈھاکہ اور چٹاگانگ میں ٹریفک جام ایک عام سی بات ہے۔

Bangladesch Dhaka Projekt Safe and Sound
عالمی کپ مقابلوں کے دوران بنگلہ دیش میں ٹریفک کنٹرول کے لیے بھی خصوصی منصوبے بنائے گئے ہیںتصویر: DW

بنگلہ دیشی حکومت کی کوشش ہے کہ عالمی کپ کے دوران جو سیاح وہاں کا رخ کریں، ان کو ملک کی ایک مثبت تصویر پیش کی جائے۔ اگرچہ عالمی کپ مقابلے انیس فروری کو شروع ہو رہے ہیں تاہم اس سلسلے میں افتتاحی تقریب سترہ فروری کو ڈھاکہ میں منعقد کی جائے گی۔

بنگلہ دیش میں چالیس فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے اور ملک کی اقتصادی صورتحال بھی کوئی اتنی اچھی نہیں ہے تاہم ڈھاکہ میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے انعقاد کو ہر طریقے سے کامیاب بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ملک میں عالمی کپ کا انعقاد بنگلہ دیشی کرکٹ کے لیے ایک انتہائی اہم پیشرفت ثابت ہو گا۔

ورلڈ کپ کرکٹ 2011ء بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش میں مشترکہ طور پر منعقد کرایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں بنگلہ دیش میں افتتاحی تقریب کے علاوہ کل آٹھ میچ کھیلے جائیں گے۔ یہ میچ ڈھاکہ اور چٹاگانگ میں منعقد کیے جائیں گے، جہاں شہری انتظامیہ اور ٹورازم کارپوریشن بہتر سے بہتر انتظامات کو ممکن بنانے کے لیے سرتوڑ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ڈھاکہ حکام کے مطابق وہاں بنیادی شہری ڈھانچے کو بہتر بنانے اور تزئین و آرائش کے کام کے لیے 7.5 ملین امریکی ڈالر کے برابر رقوم مختص کی گئی ہیں۔ توانائی کے شدید بحران کے شکار اس ملک میں ورلڈ کپ کے دوران بجلی کی دستیابی کو ممکن بنانے کے لیے بھی کئی خصوصی منصوبے بنائے گئے ہیں اور ساتھ ہی صنعتی شعبوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ ’پیک آورز‘ میں وہ اپنے پیداواری یونٹ بند رکھیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں