1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیٹ ویسٹ سیریز: انگلینڈ کے نام

23 ستمبر 2010

نیٹ ویسٹ سیریز کے پانچویں اور فیصلہ کن ایک روزہ کرکٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 121 رنز سے شکست دے کر یہ سیریز تین دو سے جیت لی ہے۔

https://p.dw.com/p/PK4J
سٹیورٹ براڈ خوشی مناتے ہوئےتصویر: AP

ساؤتھمپٹن کے روز بول سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس فیصلہ کن میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ مقررہ پچاس اوورز میں انگلش ٹیم نے چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر256 رنز بنائے۔ ابتدائی کھیل میں پاکستانی بولرز نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور میزبان ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو پچھاڑ دیا۔

ان فارم کپتان اینڈریو سٹراؤس 25، وکٹ کیپر بیٹسمین سٹیو ڈیوس 17 جبکہ جوناتھن ٹراؤٹ صرف تین رنز بنا کر ہی آوٹ ہو گئے۔ اسی دوران کریز پر موجود پال کولنگ ووڈ سر درد کا شکار ہو کر باہر گئے اور ان کی جگہ ایون مورگن میدان میں اترے جنہوں نے کھیل کا پانسہ ہی بدل دیا۔ آئن بیل نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن شاہد آفریدی نے انہیں اٹھائیس کے انفرادی سکور پر بولڈ کر دیا۔

بعد ازاں کولنگ ووڈ اور مورگن نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ مورگن نے107 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کولنگ ووڈ سینتالیس رنز بنا کرعمر گل کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔

Shoaib Akhtar Mai 2009
شعیب اختر کی عمدہ بولنگ بھی کوئی کمال نہ دکھا سکیتصویر: AP

پاکستان کی طرف سے شعیب اختر نے تین جبکہ محمد حفیظ ،عمر گل اورشاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جب پاکستان نے 256 رنز کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز نے اچھا کھیل پیش کیا۔ پاکستان کا پہلا کھلاڑی آؤٹ ہوا تو مجموعی سکور 63 تھا۔ محمد حفیظ سٹیورٹ براڈ کی گیند پرکولنگ ووڈ کو کیچ دے بیٹھے۔ نمبرتین کھلاڑی اسد شفیق پہلی ہی گیند پرکیپرسٹیو ڈیوس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے اوراس طرح براڈ ہیٹ ٹرک پرآ گئے تاہم محمد یوسف نے ان کی ہیٹ ٹرک ناکام بنا دی۔

بعد ازاں پاکستان کا کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور تمام ٹیم صرف 37 اوورز میں 135 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئی۔ انگلینڈ کی طرف سے براڈ اور گریم سوان نے تین تین جبکہ لیوک رائٹ اور کولنگ ووڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شاندارسینچری کی بدولت میچ کا بہترین کھلاڑی ایون مورگن کو قرار دیا گیا جبکہ سیریز کے بہترین کھلاڑی انگلش کپتان اینڈریو سٹراؤس قرار پائے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں