1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نومنتخب صدر اوباما کی قومی سلامتی ٹیم، تبدیلی اور تسلسل میں توازن

2 دسمبر 2008

اپنی اقتصادی ٹیم کے بعد نو منتخب امریکی صدر باراک اوباما نے اب قومی سلامتی کی ٹیم کا بھی باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ توقعات کے عین مطابق باراک اوباما نے ہلری کلنٹن کو نئی وزیر خارجہ نامزد کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/G7Bs
باراک اوباما ہلری کلنٹن کی بطور وزیر خارجہ نامزدگی کے بعد سابقہ خاتون اول سے ہاتھ ملاتے ہوئےتصویر: AP

ریاست Illinois کے شہر شکاگو میں پیر کے روزایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے باراک اوباما نے اپنی زیر قیادت اگلے سال کے اوائل میں اقتدار میں آنے والی انتظامیہ میں شامل قومی سلامتی ٹیم کا اعلان کیا۔

آئندہ برس 20 جنوری کو صدارتی عہدے پر فائز ہونے والے باراک اوباما نے کہا کہ موجودہ وزیردفاع رابرٹ گیٹس اپنے عہدے پر بدستور فائز رہیں گے۔ اوباما نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سابق سپریم کمانڈر جیمز جونز کو قومی سلامتی کا مشیر نامزد کیاہے۔

Sicherheitskonferenz in München - Robert Gates
رابرٹ گیٹس کو موجودہ وزیر دفاع صدر بش نے بنایا تھا اور وہ آئندہ بھی اس عہدے پر فائز رہیں گے

نئی وزیر خارجہ کے طور ہلری کلنٹن کے نام کا اعلان کرتے ہوئے باراک اوباما نے کہا کہ ہلری کلنٹں بہت ذہین ہیں، اپنی ذمے داریوں سے متعلق ان کا اخلاقی نقطہ نظربہت متاثر کن ہے اور انہیں فخر ہے کہ ہلری کلنٹں امریکہ کی نئی وزیر خارجہ ہوں گی۔

اپنی نامزدگی کے بعد ہلری کلنٹں نے کہا کہ انہیں باراک اوباما کی قیادت میں امریکی انتظامیہ میں شمولیت پر فخر ہے اور انہیں علم ہے کہ یہ نئے فرائض ان کے لئے مشکل ہونے کے ساتھ ساتھ بہت جوش وجذبے کا باعث بھی بنیں گے۔

رابرٹ گیٹس کو وزیر دفاع کے عہدے پر قائم رکھنے کے فیصلے کے حوالےسے بعض حلقوں نے باراک اوباما پر یہ کہتے ہوئےکڑی تنقید بھی کی ہے کہ اوباما بار بارتبدیلی کی بات کررہے تھے تاہم ان کے فیصلوں سے ایسا نہیں لگتا کہ امریکی پالیسیوں میں واقعی کسی تبدیلی کی امید کی جاسکتی ہے۔