1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ننھا ایلان، اپنے بھائی اور والدہ کے ساتھ دفن ہو گیا

افسر اعوان4 ستمبر 2015

ترکی کے ساحل پر مردہ حالت میں ملنے والے تین سالہ ایلان کُردی کو اس کی والدہ ریحانہ اور چار سالہ بھائی غالب کے ساتھ شام میں ان کے آبائی شہر کوبانی میں دفن کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GRDu
تصویر: Reuters/Stringer

بدھ دو ستمبر کی شب ترکی کے ساحل کے قریب مہاجرین کی ایک کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں یورپ پہنچنے کے خواہشمند 12 مہاجرین ہلاک ہوگئے تھے۔ ان میں ایلان کردی، اس کا بھائی اور والدہ بھی شامل تھے۔ جمعرات کی صبح ساحل پر ملنے والی تین سالہ ایلان کُردی کی لاش کی تصویر نے دنیا کو غم اور صدمے میں مبتلا کر دیا تھا۔ سُرخ ٹی شرٹ اور جینز کی نیکر میں ملبوس اس ننھے بچے کی ساحل پر اوندھے منہ پڑے لی گئی تصویر دنیا بھر میں اخبارات اور دیگر ذرائع ابلاغ میں دیکھی گئی۔ اس سے جہاں جنگ زدہ علاقوں سے نکلنے والے مہاجرین کو درپیش مسائل کی طرف دنیا کی توجہ مرکوز ہوئی تو دوسری طرف ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے ایسے لوگوں کو پناہ دینے میں کی جانے والی حیل وحجت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا۔

کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں کوبانی سے تعلق رکھنے والے اس خاندان کا صرف ایک شخص زندہ بچا اور وہ ان بچوں کا والد عبداللہ کُردی ہے۔ غم و اندوہ میں ڈوبے عبداللہ کُردی نے جمعرات کے روز اپنے خاندان کی لاشیں وصول کی تھیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایلان، اس کے بھائی غالب اور والدہ ریحانہ کو کوبانی کے ’شہدا قبرستان‘ میں آج جمعہ چار ستمبر کو پہلو بہ پہلو دفن کر دیا گیا۔ کُرد اکثریت والے کوبانی کو عین العرب کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور یہ شامی شہر تُرکی کے ساتھ سرحد کے قریب واقع ہے۔

میں چاہتا ہوں کہ یورپی باشندوں کی بجائے عرب ممالک میرے بچوں کو دیکھیں اور ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے وہ لوگوں کی مدد کریں، عبداللہ کُردی
میں چاہتا ہوں کہ یورپی باشندوں کی بجائے عرب ممالک میرے بچوں کو دیکھیں اور ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے وہ لوگوں کی مدد کریں، عبداللہ کُردیتصویر: Reuters/G. Gurbuz

عبداللہ کُردی نے سرحدی گزرگاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس کے خاندان کی موت شاید عرب ریاستوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دے کہ وہ بھی شامی مہاجرین کی مدد کریں۔ یاد رہے کہ شامی خانہ جنگی سے بچ کر نکلنے والے عوام کو کوئی بھی اہم عرب ملک پناہ دینے پر تیار نہیں ہے، اس لیے یہ یورپ کا رُخ کر رہے ہیں۔ تاہم دشوار گزار اور سمندری سفر کے دوران ہلاکتوں کے واقعات اکثر وبیشتر سامنے آتے ہیں۔

عبداللہ کُردی کا کہنا تھا، ’’میں چاہتا ہوں کہ یورپی باشندوں کی بجائے عرب ممالک میرے بچوں کو دیکھیں اور ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے وہ لوگوں کی مدد کریں۔‘‘