1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نامناسب گفتگو کرنے والا ٹرمپ کوئی اور ہے: میلانیا ٹرمپ

عابد حسین
18 اکتوبر 2016

ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ کے مطابق انہوں نے اپنے شوہر کے منہ سے کبھی لچر گفتگو نہیں سنی۔ اس ارب پتی سیاستدان کو انتخابی مہم کے دوران خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور نامناسب گفتگو کے تناظر میں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/2RNOJ
Melania Trump CNN Interview
میلانیا ٹرمپ سی این این چینل کو انٹرویو دیتے ہوئےتصویر: Reuters/CNN

میلانیا ٹرمپ نے نیوز چینل سی این این کے ساتھ ایک انٹرویو میں اپنے شوہر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری خواتین کے ساتھ جنسی چھیڑ چھاڑ کے الزامات کو اپنے کندھے اچکاتے ہوئے بے حقیقت قرار دیا۔ رواں برس کے امریکی صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے نامزد امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلیری کلنٹن کا سامنا ہے۔ رائے عامہ کے چند حالیہ جائزوں کے مطابق ٹرمپ عوامی مقبولیت میں ہلیری کلنٹن سے پیچھے ہیں۔

سلووانیہ میں پیدا ہونے والی سابق فیشن ماڈل میلانیا اب ڈونلڈ ٹرمپ کی بیوی ہیں۔ انہوں نے اپنے شوہر کی طرف سے خواتین کے ساتھ چھیڑ خوانی اور برے رویے سے متعلق الزامات کو میڈیا مہم کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران میڈیا کا کردار انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔ سن 2005 کی ایک ویڈیو میں شامل گفتگو کے تناظر میں میلانیا ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنے شوہر سے گفتگو کرتے ہوئے اس ویڈیو کے بارے میں اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کر چکی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا، ’’یہ گفتگو اُس شخص کی ہے، جسے وہ جانتی بھی نہیں۔‘‘

US TV Debatte Trump vs Clinton
ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ میلانیا کے ہمراہتصویر: Reuters/S. Stapleton

میلانیا ٹرمپ نے اس گفتگو کی ریکارڈنگ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان لڑکوں جیسی اس لچر گفتگو کے لیے میزبان کمپیئر ٹرمپ کو شہ دے رہا تھا۔ اس ارب پتی سیاستدان کی بیوی  نے مزید کہا کہ ایسی گفتگو عموماً جوان ہوتے ہوئے لڑکے کرتے ہیں اور یہ زیادہ تر شیخیاں مارنے کی سوچ کا نتیجہ ہوتی ہے۔ ٹرمپ کی بیوی نے اپنے انٹرویو میں بےنیازی کے ساتھ کندھے اچکا کر اس پوری گفتگو کو غیر اہم اور بے حقیقت قرار دیا۔

سی این این ٹیلی وژن چینل کو دیے گئے انٹرویو میں میلانیا ٹرمپ نے ان الزمات کے سلسلے کو مخالفین کی طرف سے ان کے شوہر کی انتخابی مہم کو سبوتاژ کرنے کی کوشش اور سازش بھی قرار دیا۔ ان کے مطابق اتنے برسوں کے بعد اس ویڈیو ٹیپ کو منظر عام پر میڈیا اور این بی سی کی ملی بھگت سے لایا گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی بیوی کے مطابق امریکا کا بائیں بازو کی جانب جھکاؤ رکھنے والا میڈیا عوام کے ووٹوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش میں ہے۔

میلانیا ٹرمپ نے اپنے اس انٹرویو میں واضح کیا کہ اُن کے شوہر ایک شفیق اور حلیم الطبع انسان ہونے کے علاوہ شریف آدمی ہیں۔ ان کے مطابق تمام ایسے الزامات کو ایک منظم انداز میں جوڑ کر عام کیا جا رہا ہے تا کہ وہ دکھی ہو جائیں اور اُن کی صدارتی امیدوار کے طور پر حیثیت کو نقصان پہنچے۔