1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نادال اور جوکووچ یو ایس اوپن کے فائنل میں

11 ستمبر 2011

دفاعی چیمپیئن رافائل نادال نے اینڈی مرے کو ہرا کر یو ایس اوپن کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ اب وہ نوواک جوکووچ کا سامنا کریں گے، جو راجر فیڈرر کو پچھاڑتے ہوئے فائنل میں پہنچے ہیں۔

https://p.dw.com/p/12Wp9
رافائل نادالتصویر: AP

یو ایس اوپن میں مردوں کے مقابلے کے دونوں سیمی فائنل ہفتہ کو ہوئے۔ دوسرے سیمی فائنل میں رافائل نادال کا سامنا اینڈی مرے سے تھا، جنہیں انہوں نے چھ چار، چھ دو، تین چھ اور چھ دو سے ہرایا۔ خواتین کے سیمی فائنل مقابلوں میں فتح کے بعد سیرینا ولیمز اور سمانتھا سٹوسر نے بھی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

سیکنڈ سیڈ نادال پیر کو فائنل میں نوواک جوکووچ کا سامنا کریں گے، جو ہفتہ کو کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو ہراتے ہوئے  فائنل میں پہنچے۔ جوکو وچ  نے فیڈرر کو چھ سات، چار چھ، چھ تین، چھ تین، چھ دو اور سات پانچ سے شکست دی۔

جوکووچ کے ساتھ فائنل نادال کا چودھواں گرینڈ سلیم فائنل ہو گا۔ ہفتہ کو سیمی فائنل جیتنے کے بعد نادال نے کہا: ’’آج میں نے یو ایس اوپن کی تاریخ کا اپنا بہترین میچ کھیلا ہے۔‘‘

اینڈی مرے  کے خلاف وہ اب تک سترہ میچ کھیل چکے ہیں، جن میں سے تیرہ میں وہ فاتح رہے ہیں جبکہ وہ دس گرینڈ سلیم ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں۔

جوکووچ کے ساتھ فائنل کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’نوواک کے ساتھ رواں برس میں پانچ مرتبہ کھیل چکا ہوں اور یہ سب فائنل مقابلے تھے، اور سب میں مجھے شکست ہوئی۔ اُمید کرتا ہوں کہ اس مرتبہ قسمت میرا ساتھ دے گی۔ میں یہ بھی امید کرتا ہوں کہ نیویارک بھی میری مدد کرے گا۔‘‘

Novak Djokovic
نوواک جوکووچتصویر: picture alliance/dpa

نادال نے اس بات کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کی ہے کہ فائنل میں انہیں شائقین کی بھرپور حمایت حاصل رہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شاید اسی لیے وہ گیارہ ستمبر کے حملوں کی دس سالہ یاد کے موقع پر ان کا نشانہ بننے والوں کا ذکر کرنا بھی نہیں بھولے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

دوسری جانب یو ایس اوپن میں خواتین کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کی سمانتھا سٹوسرنے جرمنی کی انگلیک کریبر کو چھ تین، دو چھ اور چھ دو سے شکست دی۔ سیرینا ولیمز نے بھی ورلڈ نمبر وَن کیرولین ووزنیاکی کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

 

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں