1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نائجر میں گھات لگا کر حملہ، تین امریکی فوجی ہلاک

عابد حسین
5 اکتوبر 2017

افریقی ملک نائجر میں کیے گئے ایک حملے میں کئی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ اس حملے میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2lEbj
Afghanistan US-Marine
تصویر: Getty Images/AFP/W. Kohsar

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق بدھ چار اکتوبر کو مغربی افریقی ملک نائجر میں کیے گئے ایک حملے میں متعدد فوجی مارے گئے۔ گھات لگا کر کیے گئے اس حملے کا نشانہ مشترکہ گشت کرنے والے امریکا اور نائجر کے دستے تھے۔ نائجر حکومت نے ہلاک ہونے والے ملکی فوجیوں کی تعداد نہیں بتائی۔

امریکی حکام نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ نائجر میں کیے گئے ایک شدید حملے میں امریکا کی خصوصی افواج کے تین کمانڈوز ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔ یہ امریکی نائجر کی فوج کے ہمراہ جنوب مغربی نائجر کے انتظامی علاقے تِیلابیری میں گشت کر رہے تھے۔

مالی کے شہر گاؤ پر انتہا پسندوں کا حملہ: فرانس کے لیے نئی پریشانی

نائجیریا میں سو لاشیں برآمد، اقوام متحدہ کی تشویش

نائجر میں اغوا کیے گئے فرانسیسی شہری ہلاک

نائجرڈیلٹا کے باغیوں کے لئے عام معافی کا آغاز

تِیلابیری کا علاقہ عدم استحکام کا شکار اور جہادیوں کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔ رواں برس کے وسط سے وہاں مسلمان عسکریت پسندوں کے خلاف ملکی فوج نے ایک آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ تِیلابیری کی سرحد شورش زدہ ملک مالی سے ملتی ہے۔

امریکا میں وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس حملے اور اس میں ہونے والی ہلاکتوں سے لاس ویگاس میں مطلع کیا گیا تھا۔ امریکی صدر لاس ویگاس میں ہونے والے حملے کے متاثرین سے ملنے گئے تھے۔

Deutschland US-Soldaten in den Storck-Barracks in Illesheim
امریکی فوجیوں پر حملہ مالی کی سرح پر واقع علاقے میں کیا گیاتصویر: picture-alliance/dpa/N. Armer

امریکا فورسز کی افریقی کمانڈ کے مطابق نائجر میں امریکی فوجی مقامی فوج کی تربیت اور سکیورٹی معاونت کے لیے تعینات ہیں۔ دونوں زخمی امریکی فوجیوں کو نائجر کے دارالحکومت نیامے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال میں ان فوجیوں کی حالت اب مستحکم بتائی گئی ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔

اندازہ ہے کہ جنوب مغربی نائجر میں امریکی گرین بیرٹس کمانڈوز کو افریقی حصے ’المغرب‘ میں سرگرم القاعدہ کے عسکریت پسندوں نے نشانہ بنایا ہے۔ نائجر کے مغربی ہمسایہ ملک مالی میں بھی انتہا پسند سرگرم ہیں۔ یہ خدشہ بھی ہے کہ مالی سے مسلم شدت پسندانہ اثرات آہستہ آہستہ دیگر مغربی افریقی ممالک میں پھیل رہے ہیں۔ مالی کے ہمسایہ ملکوں لیبیا، الجزائر اور نائجیریا میں بھی مسلم شدت پسندی کی فعال مسلح تحریکیں موجود ہیں۔

ان امریکی کمانڈوز کو سبز فوجی ٹوپیوں کی وجہ سے ’گرین بیرٹس‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔