1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئے آئی فون 6s اور 6s پلس بازار میں آ گئے

امجد علی25 ستمبر 2015

امریکی کمپنی ایپل کے تیارکردہ آئی فون کے دو نئے ماڈل جمعہ پچیس ستمبر سے دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کر دیے گئے ہیں۔ یہ نئے ماڈل تھری ڈی ٹَچ کے فیچر کے ساتھ ساتھ بہتر کیمرے سے بھی لیس ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Gdfj
Neues iPhone 6s in AppleStore in Tokyo
جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں ایپل کے ایک اسٹور میں سجے آئی فون کے نئے ماڈلز 6s اور 6s پلستصویر: picture-alliance/AA/D. Mareuil

توقع کی جا رہی ہے کہ آج اور آنے والے وِیک اَینڈ پر سڈنی سے لے کر نیویارک تک یہ نئے ماڈل ریکارڈ تعداد میں فروخت ہوں گے۔

نیویارک کے علاقے ففتھ ایونیو میں اپیل کے ایک اسٹور سے آئی فون سِکس ایس کا گلابی اور سنہرے رنگ کا ایک آئی فون خریدنے والے لیتھوینیا کے ایک پچیس سالہ طالب علم نے نیوز ایجنسی روئٹرز سے باتیں کرتے ہوئے کہا:’’سب سے پہلی چیز میں یہ کروں گا کہ اس کی مدد سے ایک تصویر بناؤں گا۔‘‘

تجزیہ کاروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ پہلے وِیک اَینڈ پر ہی یہ فون بارہ تا تیرہ ملین کی تعداد میں فروخت ہوں گے اور یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہو گی، جب انتہائی کامیاب آئی فون سِکس لانچ کیا گیا تھا۔ آئی فون سِکس بازار میں آنے کے بعد پہلے وِیک اَینڈ پر دنیا بھر میں دَس ملین سے زیادہ کی تعداد میں فروخت ہوا تھا۔ تب لیکن چین میں اس کی فروخت شروع ہونے میں تاخیر ہو گئی تھی جبکہ چین دنیا بھر میں سمارٹ فونز کی سب سے بڑی منڈی ہے۔

ایپل نے، جس کے شیئرز کی قیمتوں میں ایک فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے، پہلے سے موصول ہونے والے آرڈرز کو دیکھتے ہوئے خیال ظاہر کیا ہے کہ آئی فون کے نئے ماڈلز کی فروخت گزشتہ سال کا ریکارڈ توڑ دے گی۔

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں نیا آئی فون خریدنے کے لیے قطار میں لگے ہوئے افراد میں ایک روبوٹ بھی شامل تھا۔ مارکیٹنگ ایگزیکٹیو لُوسی کیلی نے بتایا کہ سردی اور بارش میں اس قطار میں خود اُس کی بجائے لُوسی نام کا ایک روبوٹ کھڑا رہا:’’مَیں ظاہر ہے، مصروف ہوں، کرنے کو اور بھی بہت سے کام ہیں اور دو دن قطار میں کھڑی نہیں ہو سکتی تھی، تب میرے باس نے تجویز کیا کہ مَیں ایک روبوٹ نیچے لے جاؤں اور اُسے اپنی جگہ کھڑا کر دوں۔‘‘ اُس نے بتایا کہ وہ پہیوں کے حامل اس روبوٹ کو آئی پیڈ کے ذریعے کنٹرول کر رہی ہے۔

آئی فون کے بازار میں آنے والے نئے ماڈلز کا سائز گزشتہ برس متعارف کروائے جانے والے آئی فون سِکس جتنا ہی ہے یعنی ڈرامائی طور پر بڑا۔ نئے ماڈلز کی خاص چیز ان کا تھری ڈی یا سہ جہتی ٹَچ فیچر ہے، جس کی خصوصیت یہ ہے کہ آپ اسکرین پر جتنا زیادہ یا کم دباؤ ڈالیں گے، یہ اُسی کے مطابق ردعمل ظاہر کرے گی۔

Neues iPhone 6s Schlange vor und in AppleStore in Sydney
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ایپل کمپنی کے ایک اسٹور کے سامنے آئی فون کے نئے ماڈلز خریدنے کے خواہاں لوگوں کی لمبی قطاریںتصویر: Getty Images/AFP/W. West

زیادہ تر ماہرین کا خیال ہے کہ غالباً یہ نئے فیچرز آئی فون سِکس استعمال کرنے والوں کو یہ نئے ماڈل خریدنے کا قائل نہیں کر سکیں گے تاہم ایپل کمپنی صارفین کی جانب سے بہتر رد عمل کی توقع کر رہی ہے۔

گزشتہ سہ ماہی میں ایپل کو ہونے والی مجموعی آمدنی کا دو تہائی آئی فونز کی فروخت سے حاصل ہوا۔ آئی فون سب سے پہلے 2007ء میں متعارف کروایا گیا تھا اور اس امریکی کمپنی کی مصنوعات میں سے سب سے زیادہ کامیاب رہا ہے۔

آئی فون 6s اور 6s پلس کی قیمتیں 199 اور 299 ڈالر سے شروع ہوتی ہیں، جن میں دو سال کی سروس بھی شامل ہے۔ جمعہ پچیس ستمبر کو اپیل کے شیئرز 116.20 ڈالر فی شیئر کے حساب سے فروخت ہو رہے تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید