1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین کا مسئلہ اور فرانسیسی صدارتی الیکشن

عابد حسین
11 جنوری 2017

فرانسیسی صدارتی انتخابات میں مرکزی امیدواروں نے مہاجرین کے معاملے پر واضح پالیسی اپنانے کا عندیہ دیا ہے۔ فرانس میں صدرتی الیکشن رواں برس اپریل میں ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/2Vc05
Frankreich Calais Räumung Flüchtlingslager Dschungel
تصویر: picture-alliance/abaca/Bakounine

تجزیہ کار قدامت پسند امیدوار فرانسوا فِیوں کو فرانسیسی صدارتی الیکشن میں بظاہر سبقت کا حامل امیدوار قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک تازہ بیان میں واضح کیا ہے کہ مہاجرین کے معاملے پر فرانس ایک واضح کوٹے کی پالیسی پر عمل کرے گا۔ یہ امر اہم ہے کہ فرانس میں صدارتی الیکشن میں شریک امیدواروں کی مہم کا مرکز و محور مہاجرین اور سلامتی کے معاملات ہیں اور ہر امیدوار اپنی پالیسی کو واضح کر رہا ہے۔

فرانسوا فِیوں کی قریب ترین حریف انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت نیشنل فرنٹ کی خاتون لیڈر مارین لے پین ہیں۔ خاتون سیاستدان کو یورپ کی انتہائی قدامت پسند آوازوں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ وہ یورپی یونین کے بارے میں شکوک و شبہات رکھنے کے علاوہ مہاجرین کے بارے میں سخت پالیسی اپنانے کا عندیہ دے چکی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ فرانس کو یورپی یونین کے بارڈر فری زون یعنی شینگن زون سے اخراج کر لینا چاہیے۔

Kombobild Marine Le Pen und Francois Fillon
فرانسوا فِیوں اور مارین لے پینتصویر: picture-alliance/abaca/E. Blondet/A. Abd Rabbo

فرانسوا فِیوں نے فرنچ ریڈیو آر ایم سی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  وہ چاہتے ہیں کہ فرانس سالانہ بنیاد پر یہ طے کرے کہ اُسے کتنے مہاجرین کو کھپانے کی ضرورت ہے تاکہ بے شمار مہاجرین دوڑتے ہوئے فرانس کی سرحدوں کو عبور کرتے ہوئے داخل ہو جائیں۔ فِیوں آج جنوب مشرقی سرحدی قصبے مینٹوں کے علاوہ نیس بھی جائیں گے۔ نیس ہی میں گزشتہ برس جولائی میں ایک جہادی نے ٹرک حملے میں چھیاسی افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ مہاجرین کی سماجی مراعات کے حق میں نہیں ہیں اور اس میں پوری کمی چاہتے ہیں۔ فِیوں کے مطابق سماجی مراعات کا اہل وہ مہاجر ہونا چاہیے جس نے دو برس کا عرصہ انتہائی نیک نیتی اور قانون پر عمل کرتے ہوئے گزارا ہو۔ اُن کے ایک مشیر نے خاتون سیاستدان مارین لے پین کے بیان کے تناظر میں کہا کہ سابق وزیراعظم اور صدارتی امیدوار فِیوں یقینی طور پر شینگن زون چھوڑنے کے حق میں نہیں ہیں۔

صدارتی الیکشن کی مہم میں فرانسوا فِیوں کی مہاجرین پالیسی اور آزاد مارکیٹ کے حوالے سے اقتصادی پالیسی کو مخالف امیدواروں کی تنقید کا سامنا ہے۔ بائیں بازو کے امیدواروں کا کہنا ہے کہ ایسی پالیسیوں سے فرانس میں طبقاتی و معاشرتی تقسیم کا عمل تیز تر ہو جائے گا اور یہ انجام کار انتہائی دائیں بازو کے سیاسی حلقوں کو فائدہ دے گا۔