1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرين کے ليے جرمنی ميں ملازمت : مواقع اور امکانات

Greta Hamann / عاصم سليم23 اکتوبر 2015

جرمنی پہنچنے والے پناہ گزين ايک مخصوص عرصے اور شرائط پوری کرنے کے بعد ملازمت کے اہل ہوتے ہيں۔ ڈی ڈبليو کے اس خصوصی آرٹيکل ميں جرمنی ميں مہاجرين کے ليے ملازمت کے مواقع اور امکانات کے حوالے سے تفصيلات فراہم کی گئی ہيں۔

https://p.dw.com/p/1GtDa
تصویر: picture alliance/ZB/P. Pleul

جرمنی پہنچنے والے پناہ گزينوں کے ليے ديگر معاملات کی طرح اس معاملے ميں بھی فوری طور پر يہ ممکن نہيں کہ وہ يہاں پہنچتے ہی ملازمت شروع کر ديں۔ آمد کے بعد تين ماہ تک کسی ملازمت کے ليے درخواست دينا ممنوع ہے۔ بعد ازاں يہ قدم اٹھايا جا سکتا ہے۔

ابتداء ميں مہاجرين کو نوکری اسی صورت مل سکتی ہے، جب جس نوکری کے ليے انہوں نے درخواست دی ہو، اس کے ليے کسی جرمن شہری نے درخواست نہ دی ہو۔ ملکی شہريوں کو ترجيح ديے جانے سے متعلق اس اقدام کو جرمن زبان ميں Vorrangprüfung کہا جاتا ہے۔ پندرہ ماہ تک جرمنی کے قيام کے بعد درخواست دہندگان کو اس عمل سے نہيں گزرنا ہوتا يعنی ان کے ليے مواقع برابر ہوتے ہيں۔ تاہم اس وقت بھی يہ ضروری ہے کہ ملازمت تسليم کرنے سے قبل ميونسپل اميگريشن کے دفتر سے منظوری لی جائے۔

عموماً پناہ گزين جتنا زيادہ وقت جرمنی ميں گزارتے ہيں، اسی حساب سے ان کے ليے تعليم اور ملازمت کے مواقع بھی بڑھتے جاتے ہيں۔ چار سال کے بعد کسی ترک وطن پر کوئی شرط لاگو نہيں ہوتی اور ان کے ليے تمام دروازے کھلے ہوتے ہيں۔ اگر پناہ گزين کسی جرمن يا غير ملکی ڈگری کے حامل ہوں، تو ان کے ملازمت ملنے کے امکانات مقابلتاً زيادہ روشن ہوتے ہيں۔

واضح رہے کہ کسی پناہ گزين کی سياسی پناہ کی درخواست منظور ہونے کی صورت ميں اسے فوری طور پر نوکری کی اجازت ہوتی ہے۔ جرمنی ميں مہاجرين کے ليے ملازمت کے حوالے سے مزيد معلومات کے ليے وفاقی دفتر برائے مہاجرت و پناہ گزين کی ويب سائٹ وزٹ کيجيے، جس کا لنک اس آرٹيکل کے نيچے درج ہے۔

Deutschland Job für Flüchtlinge
تصویر: picture alliance/dpa/A. Weigel

ملازمت کس طرح ڈھونڈی جا سکتی ہے؟

جرمنی ميں روز گار کے حوالے سے معاملات کی نگرانی عام طور پر وفاقی ايجنسی برائے ملازمت کے ذمے ہے۔ پناہ گزين بے روز گار ہونے کی صورت ميں يا ملازمت کی تلاش کے ليے (Agentur für Arbeit) نامی اس ايجنسی ميں اندراج کرا سکتے ہيں۔ اس دفتر کی جانب سے درخواست دہنگان کی رہنمائی کی جاتی ہے اور نوکری تلاش کرنے کے معاملے ميں ان کی مدد کی جاتی ہے۔

سرکاری سطح پر مدد کے علاوہ مہاجرين اس سلسلے ميں متعدد نجی ذرائع سے بھی مدد لے سکتے ہيں۔ ان دنوں مہاجرين کی امداد کے متعدد سينٹرز پر ان کے ليے نوکريوں کی تفصيلات درج ہوتی ہيں۔ ايسا بھی ممکن ہے کہ نوکری تلاش کرنے والے افراد ذاتی طور پر کمپنيوں اور کاروباروں سے رابطہ کر سکتے ہيں۔

جرمنی ميں ان دنوں متعدد شعبوں ميں افرادی قوت درکار ہے۔ ان شعبوں کی فہرست اس آرٹيکل کے نيچے درج ہے۔ جن شعبوں ميں جرمنی کو فوری افرادی قوت درکار ہے، ان ميں ملازمت کے ليے مہاجرين کو مقابلتاً کم کاغذی کارروائی کرنی پڑتی ہے بشرط کہ متعلقہ شخص تعليم و تربيت کی بنياد پر اس مخصوص نوکری کا اہل ہو۔ ايسے معاملات ميں جرمن زبان سے واقفیت بھی لازمی ہوتا ہے۔

ميری قابليت کا تعين کيسے ہو گا؟

بنيادی بات يہی ہے کہ کوئی پناہ گزين اپنی تعليم و تربيت کے حوالے سے جتنی زيادہ تفصيلات فراہم کر سکے، اتنا بہتر ہے۔ جرمنی ميں ديگر ممالک کی ڈگريوں کی توثيق اسی وقت ممکن ہے کہ جب تمام متعلقہ دستاويزات فراہم کی جائيں۔ چند جرمن رياستوں ميں پناہ گزين کو امتحان کے ذريعے اپنی قابليت اور کسی شعبے ميں تربيت ثابت کرنی پڑتی ہے۔

اس کے علاوہ جرمنی کی وفاقی ايجنسی برائے ملازمت پناہ گزينوں کو يہ سہولت فراہم کرتی ہے کہ وہ ٹيلی فون پر جرمن يا انگريزی زبان ميں معلومات حاصل کر سکتے ہيں۔ اس سلسلے ميں کسی بھی مقام سے 493018151111+ کے نمبر پر رابطہ کيا جا سکتا ہے۔ اسی نمبر پر کال کر کے يہ بھی دريافت کيا جا سکتا ہے کہ آيا آپ کی تعليم اور ڈگرياں جرمنی ميں تسليم ہوں گی۔ جرمن وزارت تعليم اور ريسرچ نے بھی اس سلسلے ميں ايک آن لائن پورٹل شروع کر رکھا ہے۔

جرمنی ميں ٹريننگ کيسے شروع کی جاسکتی ہے؟

اس معاملے ميں بھی وہی قانون لاگو ہوتے ہيں، جو ملازمت کی تلاش ميں کردار ادا کرتے ہيں۔ آيا آپ کو کسی تربيتی پروگرام کا حصہ بننے ديا جائے گا يا نہيں، اس کا دارومدار جرمنی ميں رہائش کی اجازت پر ہے۔ رہائش کی اجازت يا پھر Duldung موجود ہونے کی صورت ميں فوری طور پر ٹريننگ کورس شروع کرنا ممکن ہے جب کہ اگر کسی شخص کے پاس Aufenthaltsgestattung ہو، تو اسے ايسا کوئی کورس شروع کرنے سے پہلے تين ماہ انتظار کرنا پڑے گا۔

يہاں يہ بھی قابل ذکر ہے کہ کسی تربيتی پروگرام کا حصہ بننے کا ہر گز يہ مطلب نہيں کہ متعلقہ شخص کو طويل المدتی بنيادوں پر جرمنی ميں قيام کی اجازت دے دی جائے گی۔ متعلقہ ايجنسی ہر سال رہائش کی اجازت کا جائزہ ليتی ہے۔

جرمنی ميں پڑھائی کيسے شروع کی جا سکتی ہے؟

اکثريتی جرمن رياستوں ميں پناہ گزينوں کو پڑھنے کی اجازت ہے تاہم تمام رياستوں ميں صورتحال يکساں نہيں۔ زيادہ تر ڈگری کورسز ميں C 1 Level تک جرمن زبان لازمی ہے۔ اس کے علاوہ طلبہ کو وہ سرٹيفيکيٹ بھی دکھانا پڑتا ہے، جو اسکول چھوڑتے وقت ملتا ہے۔ چند ايک يونيورسٹياں مہاجرين کے معاملے ميں نرم قوانين رکھتی ہيں اور انہيں مہمان کے طور پر ليکچروں ميں شرکت کی اجازت دے دی جاتی ہے۔