1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرين کے ليے جرمنی ميں رہائش : حقوق اور حقائق

عاصم سليم9 اکتوبر 2015

جرمنی آمد کے بعد مہاجرين کو ابتداء ميں حکومت کی طرف سے فراہم کردہ عارضی رہائش گاہوں ميں وقت گزارنا پڑتا ہے تاہم اس کے بعد وہ اپنی خواہشات کے مطابق گھر تلاش کر سکتے ہيں۔

https://p.dw.com/p/1GkUY
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Carstensen

جرمنی آمد کے بعد رہائش کے حوالے سے مہاجرين کے حقوق کيا ہيں؟

جرمنی آمد کے بعد کسی بھی مہاجر کو رات کھلے آسمان تلے نہيں گزارنا پڑے گی۔ يہاں پہنچنے والے ہر مہاجر کے ليے رہائش کا انتظام کيا جاتا ہے۔ رہائش کے انتظامات کا دارومدار اس پر ہوتا ہے کہ آپ جرمنی ميں کتنے عرصے سے موجود ہيں اور آپ کی قانونی حيثيت کيا ہے۔ آمد کے فوری بعد اکثر اوقات مہاجرين کو کيمپوں ميں رکھا جاتا ہے۔ عام طور پر اسکولوں يا سابقہ فوجی بيرکوں کو مہاجرين کے ليے عارضی رہائش گاہوں ميں تبديل کيا جا رہا ہے۔ بعد ازاں مختلف رياستوں اور شہروں ميں انتظامات مختلف انداز ميں کيے جاتے ہيں۔

يہ امر اہم ہے کہ اگر آپ کسی ’محفوظ‘ سمجھے جانے والے ملک سے جرمنی آئے ہيں، تو جب تک آپ کی سياسی پناہ کی درخواست پر کارروائی مکمل نہيں ہو جاتی، آپ کو عارضی رہائش گاہ ہی ميں قيام کرنا پڑتا ہے۔ اس دوران مہاجرين کو سفر کرنے کی اجازت بھی نہيں ہوتی۔

Deutschland NPD Fraktionsvorsitzender Udo Pastörs Besuch Erstaufnahmeeinrichtung
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Büttner

رہائش گاہ کے مقام پر فيصلے ميں مہاجرين کا کوئی اثر و رسوخ ہے يا نہيں؟

نہيں۔ جرمنی آمد کے بعد آپ جب سياسی پناہ کی درخواست جمع کرانے کے ليے ابتدائی دستاويزی کارروائی مکمل کريں گے، اسی وقت آپ کو رہائش کے قريب ترين کيمپ منتقل کر ديا جائے گا، جہاں آپ کا اندراج ہو گا۔

مہاجرين کو جرمنی کی سولہ رياستوں ميں ايک کوٹے کے تحت تقسيم کيا جاتا ہے۔ زيادہ آبادی والی رياستوں ميں زيادہ مہاجرين کو بھيجا جاتا ہے۔ جب آپ اپنے درست کيمپ پہنچ جاتے ہيں، پھر وہيں سے آپ باقاعدہ سياسی پناہ کی درخواست جمع کرا سکتے ہيں۔ پھر تين تا چھ ماہ کے درميان آپ کو دوبارہ منتقل کيا جاتا ہے۔ اس بار يا تو آپ کو کسی اپارٹمنٹ منتقل کيا جاتا ہے يا پھر کسی اور ايسے گھر جہاں ديگر افراد کے ساتھ آپ کو بھی رہنا پڑتا ہے۔

واضح رہے کہ جرمنی آمد کے بعد ابتدائی چھ ماہ کے دوران مہاجرين کو اپنے مخصوص علاقے سے باہر نکلنے کی اجازت نہيں۔ کبھی کبھار آپ کو عارضی طور پر اپنے شہر سے باہر جانے کی اجازت دی جا سکتی ہے البتہ اپنی رياست سے باہر جانے کی ہر گز اجازت نہيں۔

اپنی مرضی کے مطابق رہائش گاہ تلاش کرنا صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب آپ کی سياسی پناہ کی درخواست منظور ہو جائے۔ اس عمل کے دوران ايک سال تک کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ جرمنی ميں رہائش کی اجازت ملنے کے بعد اگر آپ کے پاس ملازمت نہ ہو اور آپ اپنے اخراجات کے ليے معاوضہ حکومت سے ليتے ہوں، تو آپ پر بہت سے سفری پابندياں عائد ہوتی ہيں۔

گھر ڈھونڈنے ميں ميری مدد کون کر سکتا ہے؟

ابتدائی طور پر شہری حکومت يا مقامی حکام اس بات کا تعين کرتے ہيں کہ آپ کہاں رہائش کے اہل ہيں۔ جن شہروں ميں مہاجرين اپارٹمنٹس ميں رہائش کر سکتے ہيں، وہاں کے مقامی حکام گھر تلاش کرنے کے معاملے ميں مہاجرين کی مدد کرتے ہيں۔ البتہ آپ خود بھی اپنے ليے مکان ڈھونڈ سکتے ہيں اور اس کے ليے مالی امداد کی درخواست بھی دی جا سکتی ہے۔

مہاجرين کے معاملے ميں اس بات کا تعين کرنا کہ وہ کتنے عرصے کے ليے جرمنی ميں ہيں ذرا مشکل کام ہے۔ يہی وجہ ہے کہ ان کے ليے کرائے کا مکان لينا بھی مشکل ثابت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ زبان کا نہ آنا بھی ايک مسئلہ ثابت ہوتا ہے۔ ايسے مسائل کے ليے مختلف جرمن شہروں ميں نجی سطح پر متعدد افراد نے مہاجرين کی مدد اور ان کے ليے رہائش فراہم کرنے کے حوالے سے کام جاری رکھا ہوا ہے۔ مہاجرين ايسے افراد اور اداروں سے مدد حاصل کر سکتے ہيں۔

ايک منصوبے کے تحت مہاجرين کا کسی جرمن شہری کے ساتھ عارضی قيام کروايا جاتا ہے۔ مندرجہ ذيل ويب سائٹ کے ذريعے آپ اس بارے ميں معلومات حاصل کر سکتے ہيں : www.refugees-welcome.net