1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاتیر محمد سیاست کے بعد اب فلم کی دنیا میں

عابد حسین11 ستمبر 2015

ملائیشیا کے مقبول سیاستدان اور سابق وزیراعظم مہاتیر محمد نے اب ایک فلم میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ جس فلم میں وہ جلوہ گر ہوئے ہیں، وہ ایک سائنس فکشن تھرلر ہے۔

https://p.dw.com/p/1GUwd
مہاتیر محمد، ہیٹ پہنے ہوئے، اپنے مداحوں کے ہمراہتصویر: Reuters/A. Perawongmetha

بارہ برس تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہنے والے مہاتیر محمد نے اپنے فلمی کردار کے حوالے سے بتایا کہ یہ ایک چھوٹا سا کردار ہے اور انہوں نے اِسے ویسے ہی نبھایا، جیسے ہدایتکار نے انہیں ہدایت کی تھی۔ نوّے سالہ مہاتیر محمد نے جس فلم میں کام کیا، اُس کا نام ’’کیپسُول‘‘ ہے۔ اِس فلم میں کام کرنے کی رپورٹیں ملائیشین ڈائجسٹ نیوز سمیت کئی دوسرے اخبارات و جرائد نے شائع کی ہیں۔ اِس فلم کے پریس ریویو کا اہتمام ایک روز قبل کیا گیا۔ اِس خاص تقریب میں مہاتیر محمد بھی شریک تھے۔

سائنس فکشن فلم ’کیسول‘ میں اپنے کردار کے حوالے سے سابق وزیر اعظم نے بتایا کہ فلم میں اُن کا کردار ویسا ہی تھا جیسا کہ انہوں نے اپنے ملک کے لیڈر کے طور پر برسوں نبھایا۔ فلم ’کیپسُول‘ کے پریس ریویو کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ فلم میں اداکاری کرتے ہوئے اُن پر گھبراہٹ یقینی طور پر طاری تھی۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ نروس ضرور ہوئے لیکن اب وہ اپنی عوام کے سامنے یہ کہہ سکتے ہیں کہ وہ سیاستدان ہونے کے علاوہ ایک اداکار بھی ہیں۔ یہ فلم ملائیشیا کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں اگلے ہفتے عام نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔

Der malaysische Präsident Mahathir Mohamad, Porträt
بارہ برس تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہنے والے مہاتیر محمدتصویر: AP

مقبول سیاستدان مہاتیر محمد سن 1991 سے سن 2003 تک ملائیشیا کے وزیر اعظم رہے۔ انہوں نے سن 1991 میں ملائیشیا کی ترقی کے لیے نو نکاتی وژن ٹوئنٹی ٹوئنٹی (Vision 2020) پیش کیا تھا۔ اِس فلم کے پلاٹ میں سابق وزیراعظم کے وژن 2020 کے چوری ہو جانے کا ذکر کیا گیا ہے۔ مہاتیر محمد کو اِس فلم ’کیپسُول‘ میں اِسی پروگرام کو متعارف کرواتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ فلم کا ہیرو یہ پلان چوری کر کے ماضی میں لوٹ جاتا ہے۔

وہ ماضی میں سن 1942 کے دور میں جاپانی فوج کشی کے دوران ملکی فوج کا حصہ بن کر جنگ میں شریک ہو جاتا ہے۔ ہیرو ماضی میں تو چلا گیا لیکن وہ واپس آنے کے کیپسُول کو ساتھ لے جانا بھول جاتا ہے۔ ہیرو کی واپسی کی کشمکش فلم کا موضوع ہے۔

فلم پروڈیوسرز اور ہدایتکار نے کوالالمپور کے اخبار دی سَن کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فلم ملائیشیائی یک جہتی کا مظہر ہے اور یہ سائنس فکشن ہونے کے ساتھ ساتھ تجسس یا تھرل سے بھرپور ہے۔ اِن کے مطابق فلم کا ملائیشیا کے حالیہ سیاسی انتشار کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ مہاتیر محمد نے گزشتہ ہفتوں کے دوران کوالالمپور میں موجودہ وزیراعظم کے خلاف کرپشن الزامات کے تحت دو روزہ ریلی میں نجیب رزاق کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ اُن کو پولیس نے بھی اِس بیان پر پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔