1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مودی جنوبی افریقہ پہنچ گئے

افسر اعوان8 جولائی 2016

بھارتی وزیر اعظم نے آج جمعہ آٹھ جولائی کو جنوبی افریقی صدر جیکب زوما سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔ مودی افریقی براعظم میں چین کا مقابلہ کرنے کی کوشش میں ہیں۔

https://p.dw.com/p/1JM3z
نریندر مودی
نریندر مودیتصویر: picture-alliance/Xinhua

نریندر مودی نے قبل ازیں اپنے ملک میں انڈیا افریقہ سمٹ کی میزبانی بھی کی تھی جس میں جنوبی افریقہ کے زوما سمیت 54 افریقی اقوام کے رہنما شریک ہوئے تھے۔ اس کانفرنس کے موقع پر مودی نے افریقی ممالک کو 10 بلین ڈالرز کا قرضہ دینے کا بھی اعلان کیا تھا، جس کا مقصد ’ترقی کی شراکت‘ کو تقویت دینا بتایا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور جیکب زوما کی ملاقات جنوبی افریقہ کے دارالحکومت پریٹوریا میں ہوئی۔ مودی موزمبیق سے وہاں پہنچے تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مودی کا کہنا تھا، ’’بھارتی کمپنیاں جنوبی افریقہ میں گہری کاروباری دلچسپی رکھتی ہیں۔ افریقہ میں ہمارے مجموعی سرمائے کا قریب ایک چوتھائی صرف اسی ملک میں ہے اور ہمارے لیے باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے بھی کافی امکانات موجود ہیں۔‘‘

مودی موزمبیق سے جنوبی افریقہ پہنچے تھے
مودی موزمبیق سے جنوبی افریقہ پہنچے تھےتصویر: picture-alliance/dpa/AP Photo/S. van Zuydam

روئٹرز کے مطابق بھارت کی اس وقت براعظم افریقہ کے ساتھ باہمی تجارت کا حجم 72 ارب امریکی ڈالرز کے برابر ہے جبکہ چین کی اس خطے کے ساتھ تجارت کا حجم اس سے تین گُنا ہے۔ جنوبی افریقہ کے تجارتی اعداد و شمار کے مطابق 2011ء کے مقابلے میں 2015ء تک بھارت کی طرف سے جنوبی افریقہ کے لیے برآمدات میں 86 فیصد اضافہ ہوا اور یہ چار ارب امریکی ڈالرز تک پہنچ گئیں۔ دوسری طرف بھارت کے لیے جنوبی افریقہ کی برآمدات میں بھی اسی عرصے کے دوران 70 فیصد اضافہ ہوا اور ان کا مجموعی حجم تین بلین ڈالرز سے زائد رہا۔

جنوبی افریقی صدر جیکب زوما کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تجارت اور سیاحت کے علاوہ دونوں ممالک دیگر شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیں گے جن میں دفاع، گہرائی میں کان کنی، قابل تجدید توانائی اور صحت جیسے شعبے شامل ہیں۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں بھارت کی شمولیت کی حمایت کرنے پر جیکب زوما کا شکریہ بھی ادا کیا۔ مودی اپنے افریقی ممالک کے اس دورے کے سلسلے میں جنوبی افریقہ کے بعد کینیا اور تنزانیہ بھی جائیں گے۔