1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معیشی بحران اورصدارتی انتخابات

Shadi Khan21 ستمبر 2008

امریکہ کی معیشی منڈی سے سر اٹھاتا ہوا عالمی مالی بحران ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار بیراک اوباما کے لئے خوش آئند ثابت ہورہا ہے۔

https://p.dw.com/p/FLZm
تصویر: AP

اس بحران کےحل کیلئےامریکی عوام کو ری پبلکن صدارتی امیدوار جان مککین کے مقابلے میں، اوبامہ سے زیادہ توقعات ہیں اور یوں اوبامہ کی ‌حمایت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

امریکہ میں ری پبلکن صدارتی امیدوار جان مکین کو گزشتہ دنوں ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار براک اوبامہ کے مقابلے میں زیادہ حمایت حاصل تھی۔ اس کی چند بڑی وجوہات ان کا اوبامہ کے مقابلے میں زیادہ تجربہ کار ہونا اورنائب صدر کیلئےالاسکا کی خاتون گورنر سارہ پالن کو نامزدکرنا تھا۔

مککین نے امریکہ کو درپیش حالیہ مالیاتی بحران کے حل کے طور پر صدر بننے کے بعد ملک میں اہم مالیاتی اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر تعینات کچھ لوگوں کو برطرف کردینے کا اعلان کیا ۔ مککین نے معاملہ کی نزاکت کو سجمھتے ہوئے اپنی ہی جماعت کی موجودہ ملکی حکومت پر بھی کڑی تنقید کی اوراسے موجودہ حالات کا زمہ دار قراردیا۔

یہی وہ بیانات تھے، جومککین کی مقبولیت میں اچانک کمی اور اوبامہ کی مقبولیت میں خاطر خواہ اضافہ کا باعث بنے ۔کوئینی پیاک یونیورسٹی اورممتاز امریکی اداروں سی بی سی، نیو یارک ٹائمز اور گیلپ کے حالیہ جائزوں کے مطابق جان مکین کی مقبولیت میں چار فیصد تک کی کمی اور باراک اوبامہ کی مقبولیت میں اتنا ہی اضافہ ہوا ہے۔

چار نومبر کے امریکی صدارتی انتخابات کیلئے کئے گئے ان جائزوں میں اکیاون فیصد لوگوں کی رائے تھی کہ مککین کی مالی پالیسیوں سے صرف مال دار طبقہ کو فائدہ ہوگا۔ اس کے برعکس اوبامہ کی مالیاتی پالیسیوں سے متعلق صرف نو فیصد کی یہی رائے ہے۔

مککین کے مقابلے میں اوبامہ نےمالی بحران کے حل کیلئے تجربہ کار معیشت دانوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ ان شخصیات میں وہ لوگ شامل ہیں، جو انہی کی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے سابق امریکی صدر بل کلنٹن دور کی کامیاب مالیاتی پالسیاں ترتیب دے چکے ہیں۔ اوبامہ اس بحران پر مککین کی کمزور ہوتی ہوئی پوزیشن سے بھر پور فائدہ اٹھا رہےہیں۔

اگلے ہفتے سے دونوں صدارتی امیدواروں کے بیچ تین تقریری مقابلوں کا سلسلہ شروع ہورہا ہے، جس کیلئے اوبامہ اپنی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو بھر پور انداز میں استعمال کرسکتے ہیں۔

مککین کے مقابلے میں اوبامہ کی مقبولیت میں حالیہ اضافہ سے قطع نظر امریکی نشریاتی ادارے سی این این اور امریکی جریدے ٹائم میگزین کے مطابق پانچ اہم امریکی ریاستوں یعنی فلوریڈا، انڈیانہ، شمالی کیرولائنہ، اوہایو اور وسکو نسن میں دونوں صدارتی امیدواروں کے بیچ مقابلہ ابھی تک برابر کا چل رہا ہے۔ یہ ریاستیں چار نومبر کے حتمی انتخاب کو کسی کے بھی حق میں کرنے میں حتمی کردار ادا کرسکتی ہیں۔