1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصر اور تیونس کے بعد بحرین میں بھی مظاہرے

16 فروری 2011

بحرین میں پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے شیعہ نوجوان کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ایک چوک پر دھرنہ ڈال دیا۔ یہ اقتدار میں تبدیلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10HqP
تصویر: picture alliance/dpa

22 سالہ فضل سلمان متروک گزشتہ روز بحرین کے دارالحکومت مناما میں ایک ہسپتال کے سامنے ہلاک ہوئے تھے، جہاں ہزاروں مظاہرین، پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے علی مشیمع کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے جمع تھے۔ سلمان متروک کو مناما کے مضافات میں قومی پرچم میں لپیٹ کر سپرد خاک کیا گیا ہے۔ واشنگٹن حکومت نے اپنے اتحادی ملک بحرین میں ہونے والے ان پر تشدد واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مظاہرین سے صبرو تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔

Bahrain Unruhen Proteste
مظاہروں میں شریک ایک خاتونتصویر: picture alliance / dpa

بحرین میں جاری مظاہروں میں شریک نوجوان مصر اور تیونس کی صورتحال سے متاثر ہیں اور ملک میں اقتدار کی تبدیلی چاہتے ہیں۔ بحرین کی اکثریتی آبادی کا تعلق شیعہ فرقے سے ہے، جو سُنی حکمرانوں پر ان کے ساتھ امتیازی سلوک برتنے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔

مظاہرین وزیر اعظم شیخ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں جو 1971ء میں برطانیہ سے آزادی کے بعد سے حکومت کر رہے ہیں۔ وہ امیر قطر شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کے چچا ہیں، جو بحرین کی بیشتر زمین کے مالک ہیں۔

شاہ حماد نے گزشتہ روز مظاہرے میں ہونے والی ہلاکت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔ مناما سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق مظاہرین روزگار کے بہتر مواقع، تعلیم اورصحت کے شعبوں میں اصلاحات اور زیادہ جمہوری آزادی کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔ مظاہرے میں نئے آئین کی تشکیل اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے بھی نعرے لگائے گئے۔

اپوزیشن میں شیعہ فرقے کی بڑی سیاسی پارٹی " جمعیت وفاق بحرین" کا کہنا ہے کہ وہ بدھ کو حکومتی نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کریں گی۔ وفاق نے حالیہ پارلیمانی انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔ واضح رہے کہ بحرین کی 1.3 ملین کی آبادی کا محض نصف حصہ مقامی شہریوں پر مشتمل ہے بقیہ غیر ملکی باشندے ہیں۔

ملک کی اکثریتی شیعہ آبادی کا الزام ہے کہ سُنی حکمران دیگر ریاستوں کے سُنی باشندوں کو بحرین کی شہریت دے کر آبادی کا تناسب بدلنا چاہتے ہیں۔ تیل کی دولت کے ساتھ ساتھ بحرین کی بین الاقوامی اہمیت کی ایک وجہ یہاں پر امریکی بحری دستے کی موجودگی بھی ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں