1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مبینہ امریکی میزائل حملہ، متعدد افراد ہلاک

14 نومبر 2008

پاکستانی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان ایجنسی کے مغربی حصے میں جمعہ کی سحرکے اوقات میں ایک مکان پرامریکی جاسوس طیارے کے ایک مبینہ میزائل حملے میں گیارہ افراد ہلاک ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/FuhM
حالیہ ہفتوں کے دوران افغانستان کے ساتھ سرحد کے قریب پاکستانی قبائلی علاقوں میں مبینہ امریکی میزائل حملوں میں اب تک درجنوں افراد مارے جا چکے ہیں۔تصویر: dpa

حملے میں مکان سے ملحقہ ایک مدرسے کو بھی نشانہ بنایا گیا اور جاسوس طیارے سے فائر کئے گئے کل تین میزائلوں کے حملے میں تیرہ افراد زخمی بھی ہو گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق جاسوس طیارے نے رات تین بجے شمالی وزیرستان کی تحصیل گڑیوم میں امیر گل نامی شخص کے مکان کو نشانہ بنایا جو عسکریت پسندوں کا حامی بتایا گیا ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے اس میزائل حملے میں آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ افغانستا ن سے ملحقہ سرحدی قبائلی علاقے میں اس حملے کے نتیجے میں مقامی سیکیورٹی اہلکاروں کے مطابق پانچ غیر ملکی عسکریت پسند بھی مارے گئے۔

سیکورٹی اہلکاروں اور پولیٹکل انتظامیہ نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میزائل ایک امریکی جاسوس طیارے سے فائر کئے گئے جس کے نتیجے میں ایک گھر بھی تباہ ہو گیا ان حکام نے حملے میں پانچ افراد کے زخمی ہونے کا ذکر کیا ہے۔

حالیہ ہفتوں کے دوران افغانستان کے ساتھ سرحد کے قریب پاکستانی قبائلی علاقوں میں مبینہ امریکی میزائل حملوں میں اب تک درجنوں افراد مارے جا چکے ہیں۔


اسلام آباد میں پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ریاستی حدود میں امریکی حملے بین الاقوامی قوانین کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون سے متعلق امریکہ کے ساتھ باہمی مفاہمت کی بھی خلاف ورزی ہیں۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستانی علاقے میں امریکی حملے رکوانے کی ہر سطح پر کوششیں کی جارہی ہیں۔