1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مالیاتی بحران کے حوالے سر جرمنی ۔ برطانیہ سربراہ ملاقات

30 اکتوبر 2008

جرمن چانسلر اور برطانوی وزیر اعظم کے درمیان ہونے والی ملاقات میں عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے متعارف کی جانے والی اصلاحات کو گفتگو کے دوران خصوصی موضوع بحث بنایا گیا۔

https://p.dw.com/p/FkkW
جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤنتصویر: AP


جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے دورہ بر طانیہ کے دوران وزیر اعظم گورڈن براؤن سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران انہوں نے برطانوی وزیر اعظم سے مالیاتی بحران کے نچلی سطح تک پہچنے والے اثرات کے ساتھ پندرہ نومبر سے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں شروع ہونے والی ترقی یافتہ اور اہم ترقی پذیر ملکوں کی کانفرنس میں مالی بحران سے نجات حاصل کرنے کی پلاننگ اور نئے عالمی مالیاتی آرڈر پر گفتگو کی۔ اہم ملکوں کے لیڈروں کے ساتھ ملاقاتوں میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل عالمی مالیاتی بحران سے نمٹنے کے لئے حوصلہ مندانہ فیصلوں کے ساتھ مالیاتی پالیسیوں میں حکومتی ترجیحات اور عمل دخل کی وکالت کر رہی ہیں۔

Venezuela neue Währung Bolivar Fuerte
تصویر: AP

جرمن چانسلر اور برطانوی وزیر اعظم نے ملاقات میں اِس موضوع پر بھی سوچ بچار کی کہ یورپی اقتصادیات کو استحکام دینے کے جامع پروگرام کا آغاز کس طرح کیا جائے۔ اِس کے علاوہ دونوں لیڈروں نے مالیاتی اداروں کو قانون کی حکمرانی کے تحت لانے کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ اِس حوالے سے یہ بات بھی اہم ہے کہ مالیاتی بحران سے نمٹنے کے لئے یورپی ممالک مالیاتی اداروں کی امداد کے لئے ٹیکس آمدنی سے خصوصی مراعاتی پیکج پیش کر چکے ہیں اور جو بینک حکومتی قرضہ حاصل کریں گے اُن کو کئی حکومتی پیش بندیوں کا سامنا ہوگا۔

Devisen Euro Dollar Währung Wechselkurs
اس وقت تمام دنیا مالیاتی بحران کی لپیٹ میں ہےتصویر: AP

یہاں جرمنی میں اقتصادی ماہرین کا ایک پینل تیرہ نومبر تک اقتصادی اصلاحات کی مناسبت سے تجاویز مرتب کر رہا ہے۔ جرمن چانسلر یہ تجاویز دو دِن بعد واشنگٹن سربراہ اجلاس میں پیش کریں گی۔ اِس طرح کی خصوصی تجاویز کے لئے تمام بڑی اقتصادیات میں ماہرین مصروف ہیں۔ ترقی یافتہ ملکوں کی حکومتیں اِس لئے بھی پریشان ہیں کہ اربوں کھربوں ڈالر مالی منڈیوں میں جھونکنے کے بعد بھی مالی منڈیاں استحکام سے عاری ہیں۔ دوسری جانب کئی اقتصادی ماہرین یہ کہتے نہیں تھکتے کہ ترقی یافتہ اقوام کساد بازی کی لپیٹ میں آ چکی ہیں مگر یہاں جرمنی میں کچھ حوصلہ افزاء خبریں چانسلر انگیلا میرکل کے لئے راحت مہیا کررہی ہیں جن میں افراط زر کی شرح میں معمولی کمی، اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور شرح بے روزگاری میں کمی ہیں۔

دو روز قبل برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی سے بھی اِسی سلسلے میں ملاقات کر چکے ہیں۔