1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ماریا شاراپووا کو جرمنی کی ’نئی اسٹیفی گراف‘ سے خطرہ

30 جون 2011

ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے خواتین کے ایک سیمی فائنل مقابلے میں جرمن کھلاڑی زابینے لیسکی (Sabine Lisicki) اب اس ٹورنامنٹ کی فیورٹ کھلاڑی ماریا شاراپووا کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/11mdt
زابینے لیسکی
زابینے لیسکیتصویر: dapd

شارا پووا نے پچھلے چار میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام میچوں کے ایک سیٹ میں بھی شکست نہیں کھائی۔ سال 2004ء میں ومبلڈن ٹائٹل جیتنے والی شراپوا کے بارے میں اندازے ظاہر کیے جارہے ہیں کہ وہ دوسری مرتبہ یہ تاج اپنے سر پر سجانے میں کامیاب ہوجائیں گی۔

لیکن شاراپووا کو اب شاید اس ٹورنامنٹ کی سخت ترین حریف کا سامنا ہے۔ 21 سالہ زابینے لیسکی 120 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سروس کرا سکتی ہیں۔ اسی لیے ماہرین کے خیال میں اس سیمی فائنل کا فیصلہ فٹنس کی بجائے طاقت پر ہوگا۔ شراپوا بھی اسی خیال کی حامی نظر آتی ہیں۔ لیسکی کے حوالے سے شاراپووا کا کہنا ہے: ’’ ایک ایسی کھلاڑی جو اتنے اعتماد کے ساتھ کھیل رہی ہو اور جو گھاس والے کورٹ پر زبردست کارکردگی دکھا رہی ہو، وہ ہمیشہ ہی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اس میچ میں طاقت کا مظاہرہ ہوگا۔ وہ بہت زور دار طریقے سے ہِٹ کرتی ہیں۔‘‘

لیسکی نے کوارٹر فائنل میں فرانس سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی ماریوں بارٹولی کو شکست دی تھی
لیسکی نے کوارٹر فائنل میں فرانس سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی ماریوں بارٹولی کو شکست دی تھیتصویر: picture-alliance/ dpa

لیسکی نے کوارٹر فائنل میں فرانس سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی ماریوں بارٹولی Marion Bartoli کو چھ- چار، چھ -سات اور چھ-ایک سے شکست دی تھی۔ ومبلڈن ٹورنامنٹ میں اب تک کی شاندار کارکردگی پر لیسکی کو جرمنی کی نئی اسٹیفی گراف قرار دیا جا رہا ہے۔ جرمن میڈیا میں انہیں جرمنی کے نامور ٹینس کھلاڑی بورس بیکر کے حوالے سے ’ڈورس بیکر‘ اور ’بوم بوم بینے‘ کا نام بھی دیا گیا ہے۔

شارا پووا نے پچھلے چار میچوں کے ایک سیٹ میں بھی شکست نہیں کھائی
شارا پووا نے پچھلے چار میچوں کے ایک سیٹ میں بھی شکست نہیں کھائیتصویر: AP

زابینے لیسکی 2009ء میں بھی ومبلڈن کے کوارٹر فائنل تک پہنچی تھیں، تاہم 2010ء میں ٹخنے میں چوٹ کے سبب وہ کھیل سے پانچ ماہ تک دور رہنے پر مجبور ہو گئیں اور ان کی ورلڈ رینکنگ 218 تک گر گئی۔ لیسکی کے بقول وہ اب پہلے سے بہتر کھلاڑی ہیں: ’’میں اب زیادہ تجرکار اور اعصاب پر قابو رکھنے والی کھلاڑی ہوں۔ دو برس پہلے معاملہ مختلف تھا۔ میں جلد گھبرا جاتی تھی اور دباؤ کے باعث میں ڈھنگ سے سو بھی نہیں پاتی تھی۔‘‘

آج ہونے والا خواتین کا دوسرا سیمی فائنل چیک ری پبلک کی پیٹرا کویتووا Petra Kvitova اور بیلاروس کی کھلاڑی وکٹوریا آذارینکا Victoria Azarenka کے درمیان کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں