1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مائیکل جیکسن کی میوزیکل فلم کی مقبولیت

29 اکتوبر 2009

دنیا بھر میں مائیکل جیکسن کی مختلف میوزیکل ریہرسلز پر بنی فلم کی کامیاب نمائش جاری ہے۔ This is It نامی یہ فلم ان منتخب لمحات کی عکاسی کرتی ہے ، جو جیکسن نے اسٹوڈیوز میں ریکارڈنگ اور کنسرٹس کی ریہرسلز میں گزارے۔

https://p.dw.com/p/KIBi
تصویر: picture-alliance / dpa

اس فلم کا پریمیئر منگل کو ہوا۔ 'دس از اٹ' انتہائی مقبول ثابت ہوئی ہے اور شائقین کی بڑی تعداد اسے دیکھنے آ رہی ہے۔ اس فلم میں کنگ آف پاپ میوزک کہلانے والےجیکسن کا ان کے کمپوزرز اور دیگر ساتھی فنکاروں کے ساتھ انسان دوست رویہ تقریبا ہر کسی کو متاثر کرتا ہے۔

منگل کو سر شام ہی امریکی شہر لاس اینجیلیز میں، ذرا رات گئے نیویارک میں اور چند ہی گھنٹوں بعد یورپ اور ایشیائی ممالک میں ایک ساتھ جاری کی جانے والی مائیکل جیکسن کی یہ فلم میوزیکل پرفارمنس کی دنیا میں ایک نئے انداز کے ساتھ سامنے آئی ہے۔

Michael Jackson Trauerfeier Flash-Galerie
مائیکل جیکسن رواں برس جون میں انتقال کر گئے تھےتصویر: AP

ننانوے ملکوں میں ایک ساتھ ریلیز ہونے والی اس فلم کے کاروباری حقوق معروف جاپانی کمپنی سونی نے60 ملین ڈالر کے عوض خریدے ہیں۔ اس فلم کی پروڈکشن کے پہلے مرحلے میں تیارکردہ اس کی 1500 کاپیاں اب تک دنیاکی مختلف مارکیٹوں میں آ چکی ہیں۔

مرحوم جیکسن کے ایک ساتھی کینی اورٹیگا اس فلم کے ہدایت کار اور پروڈیوسر ہیں۔ ان کا کہنا ہے: 'ہمیں مائیکل کے ساتھ لوگوں کی محبت کا اندازہ ہے اور ہم نے کوشش کی ہے کہ مائیکل کے فن کو ایمانداری سے اس کے پرستاروں تک پہنچایا جائے۔'

سونی کمپنی نے اس فلم کے پریمیئر سے ایک ہفتہ پہلے شو بزنس کی دنیا سے وابستہ صحافیوں کو بارہ منٹ دورانیے کا ایک کلپ دکھایا تھا، جس کے بعد اس فلم کی مارکیٹنگ سے متعلق حکمت عملی میں واضح تبدیلی دیکھنے میں آئی تھی۔

Flash-Galerie Michael Jackson This Is It
تصویر: Sony Pictures

مائیکل جیکسن اسی سال 25 جون کو انتقال کرگئے تھے، جب لندن میں ان کے طویل عرصے بعد ہونے والے اور تاریخی قرار دئے گئے شو کے انعقاد میں صرف دو ہفتے باقی رہ گئے تھے۔ شاید اسی لئے مائیکل جیکسن کی اس فلم کو لندن میں دیکھنے والے ان کے پرستاروں کی تعداد اب تک غیر معمولی حد تک زیادہ ہے۔

رپورٹ: عبدالرؤف انجم

ادارت: ندیم گِل