1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیکچر ایان علی کا تو پھر جیلیں یونیورسٹیاں، پرویز خٹک

افسر اعوان21 اگست 2015

منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہا ہونے والی سپر ماڈل ایان علی نے ایک بار پھر پاکستانی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔ ایان علی کے بطور مہمان خصوصی کراچی یونیورسٹی میں ایک لیکچر پر شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GJJU
تصویر: Imago

پاکستانی میڈیا کے مطابق جمعرات 20 اگست کو ایان علی جب کراچی یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ یا ’ڈیپارٹمنٹ آف پبلک ریلیشنز‘ پہنچیں تو انہیں ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین، اساتذہ اور طلبہ کی طرف سے پرجوش انداز میں خوش آمدید کہا گیا اور ’سیلفی‘ بنانے کے شوقین طلبہ نے ان کے ساتھ خوب تصاویر بنائیں اور سوشل میڈیا پر جاری کیں۔ ایان علی کو اس موقع پر ایک شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ طلبہ سے خطاب میں انہوں نے پرجوش استقبال پر شکریے کے علاوہ نوجوان نسل کو زندگی میں کامیابی کے لیے مشورے بھی دیے۔

ایان علی کو پانچ لاکھ ڈالر ملک سے باہر لے جانے کے الزام میں چند ماہ قبل اسلام آباد کے ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ کئی ماہ تک مقدمے کی کارروائی کے بعد انہیں گزشتہ ماہ ہی جیل سے ضمانت پر رہائی ملی تھی اور یہ مقدمہ ابھی تک عدالت میں ہے۔ ایک ایسی شخصیت کو کراچی یونیورسٹی کے ایک شعبے میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیے جانے پر ملک بھر میں عام لوگوں، میڈیا اور سیاستدانوں کی طرف سے تو ردعمل سامنے آیا ہی ہے، پاکستان کے ہمسایہ ملک بھارت اور دیگر غیر ملکی میڈیا نے بھی اس پر خبریں جمائی ہیں اور تبصرے کیے ہیں۔

سوشل میڈیا پر رد عمل

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بُک اور مائیکروبلاگنگ سروس ٹوئٹر سمیت ایسی دیگر ویب سائٹس پر ایان علی کو بطور مہمان کراچی یونیورسٹی میں مدعو کیے جانے پر طرح طرح کے تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

مثال کے طور پر سلمان میمن جو @SalmanHyderMe کے ہینڈل سے ٹوئیٹ کرتے ہیں، اپنے پیغام میں لکھتے ہیں، ’’ایان علی کراچی یونیورسٹی میں کس چیز پر لیکچر دے رہی ہیں، منی لانڈرنگ پر؟ کراچی یونیورسٹی سیاست دانوں اور ان کے ’کھلونوں‘ کے ساتھ سنجیدہ روابط رکھتی ہے۔‘‘

@Sandoooz کا ٹوئٹر ہینڈل استعمال کرنے والی سعدیہ لکھتی ہیں، ’’ایان علی جیسے مجرم کراچی یونیورسٹی کے دورے کر رہے ہیں، کتنے شرم کی بات ہے۔‘‘

یہ ہے میرا پاکستان۔ ایک مجرم، پاکستان میں سب سے معزز مہمان ہے، پرویز خٹک
یہ ہے میرا پاکستان۔ ایک مجرم، پاکستان میں سب سے معزز مہمان ہے، پرویز خٹکتصویر: picture-alliance/dpa

افراز احمد، ٹوئٹر ہینڈل @Im_Afraz، کا ٹوئیٹ ہے، ’’ایان علی کراچی یونیورسٹی میں بطور مہمان خصوصی گئیں، پاکستان، یہ کیا ہے؟ ایک سزا یافتہ شخصیت اخلاقیات پر لیکچرز دے گی؟‘‘

@CMPervaiz کے ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئیٹ کرنے والے پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بھی ایان علی کو کراچی یونیورسٹی میں مدعو کیے جانے پر کچھ اس طرح سے اپنا ردعمل ظاہر کیا۔

’’یہ ہے میرا پاکستان۔ ایک مجرم، پاکستان میں سب سے معزز مہمان ہے۔‘‘

اپنے ایک اور ٹوئیٹ میں پرویز خٹک لکھتے ہیں، ’’اگر ماڈل ایان نے ہماری اگلی نسل کو پڑھانا ہے تو جیلوں کو یونیورسٹی قرار دے دینا چاہیے۔‘‘

ایان علی کی شعبہ تعلقات عامہ میں بطور مہمان شرکت اور لیکچر پر شدید ردعمل سامنے آنے کے بعد کراچی یونیورسٹی کی انتظامیہ نے ان دو طلبہ کو نوٹس جاری کر دیے ہیں، جنہوں نے مبینہ طور پر یونیورسٹی انتظامیہ سے قبل از وقت اجازت لیے بغیر ایان علی کو ڈیپارٹمنٹ میں مدعو کیا۔