1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لڑکے کے ساتھ زیادتی، امریکی جیل میں

عابد حسین29 نومبر 2015

بھارتی پولیس نے ایک لڑکے کے ساتھ جنسی زیادتی پر ایک امریکی کا چودہ دن کا ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔ امریکی شہری نے لڑکے کے ساتھ زیادتی ایک ہوٹل میں کی تھی۔

https://p.dw.com/p/1HEEk
Indien Urteil Gerichtsprozess 13.09.2013
جس امریکی کو کولکتہ کی عدالت میں پیش کیا گیا، اُس کی عمر اکاون برس ہےتصویر: Roberto Schmidt/AFP/Getty Images

جس امریکی کو کولکتہ کی عدالت میں پیش کیا گیا، اُس کی عمر اکاون برس ہے۔ بھارتی عدالت کے سیشن جج نے پولیس کی جانب سے امریکی شہری کے چودہ دن کے ریمانڈ کی درخواست منظور کر لی ہے۔ پولیس نے یہ مقدمہ بچوں کی حفاظت اور جنسی جرائم کے قوانین کی روشنی میں درج کیا ہے۔ بھارتی ریاست مغربی بنگال کے صدر مقام کولکتہ کے ایک ہوٹل میں ٹین ایجر لڑکے کے ساتھ جنسی زیادتی کا ارتکاب کیا گیا تھا۔

کولکتہ پولیس کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دیباشس دھر نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ جس امریکی شہری کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے، اب اُسے اگلے چودہ دن تک عدالتی ریمانڈ پر پولیس حراست میں رکھا جائے گا۔

کولکتہ کے چیف پراسیکیوٹر نے بھی عدالتی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے مبینہ ملزم کے لیے ریمانڈ حاصل کرنے کی تصدیق کی ہے۔کولکتہ میں امریکی قونصل خانے کے اہلکار اِس واقعے پر کوئی ردِ عمل ظاہر کرنے کے لیے نیوز ایجنسیوں کو دستیاب نہیں ہو سکے ہیں۔

Indien Polizei in Neu Delhi ARCHIVBILD
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی جنسی زیادتی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/M. Sharma

امریکی شہری کو ہوٹل کی جانب سے پولیس میں درج شکایت پر گرفتار کیا گیا۔ یہ شکایت دو روز قبل جمعے کو درج کروائی گئی تھی۔ تفتیش کاروں کے مطابق کولکتہ کا چودہ سالہ لڑکا اور امریکی شہری فیس بک پر ایک دوسرے کے دوست بن کر رابطہ رکھے ہوئے تھے۔

ہوٹل کے سکیورٹی منیجر جوئے دیپ پالٹ کے مطابق اُسے لڑکے نے بتایا کہ امریکی نے اُسے کے ساتھ زبردستی جنسی زیادتی کا ارتکاب کیا۔ حالات و واقعات کے مطابق ہوٹل میں چیک اِن ہونے کے بعد امریکی شہری نے لڑکے کے ساتھ کسی قریبی مقام پر ملاقات کی اور اُس کو تحفے تحائف بھی دیے۔ بعد میں وہ اُسے ہوٹل کے کمرے میں لے آیا۔

سکیورٹی منیجر کے مطابق امریکی شہری نے لڑکے کی جانب سے جنسی زیادتی پر احتجاج کرنے پر اُسے ایک سو روپے کا بھارتی نوٹ بھی دیا تھا۔

اگر جنسی زیادتی کو استغاثہ ثابت کرنے میں کامیاب ہو گیا تو امریکی شہری کو جرمانے کے علاوہ کم از کم سات برس کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ سن 2012 میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی ایک بس میں ایک نوجوان لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعے کے بعد بھارتی فوجداری قوانین میں تبدیلی کی گئی تھی۔

نئے قوانین کے تحت ایسے مقدمات کی عدالتی کارروائی جلد مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ ملزمان کو شہادتوں کی روشنی میں سخت سزائیں شامل کی جا چکی ہیں۔