1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لنِڈسے لوہن کو جیل بھیج دیا گیا

21 جولائی 2010

امریکی اداکارہ لنِڈسے لوہن کی سزائے قید کا آغاز ہو گیا ہے۔ انہیں منگل کو بیورلے ہلز کی ایک عدالت میں پش کرنے کے بعد جیل بھیج دیا گیا۔

https://p.dw.com/p/OQR9
لِنڈسے لوہنتصویر: AP

عدالت میں پیشی کے بعد 24 سالہ لوہن کو ہتھکڑی لگا کر لاس اینجلس کے جنوب میں واقع خواتین کی ایک جیل بھیج دیا گیا۔ ان کے لئے رواں ماہ کے آغاز پر تین ماہ کی سزائے قید کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم اب توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ انہیں اس سے کم عرصہ ہی جیل میں رہنا ہو گا، جس کی وجہ جیل میں گنجائش سے زائد قیدیوں کی موجودگی ہے۔ لوہان کے لئے یہ قید تنہائی ہوگی۔ اس جیل میں دو ہزار 200 خواتین قید ہیں۔ وہاں موبائل فون اور کمپیوٹر رکھنے کی ممانعت ہے جبکہ لوہن کو اپنے تمام زیورات بھی جیل حکام کے حوالے کرنا ہوں گے جبکہ قیدیوں کا یونیفارم زیب تن کرنا ہو گا۔

جج مارشا ریول نے کہا، ’میں نہیں جانتی کہ انہیں کتنا عرصہ جیل میں رکھا جائے گا۔ میں صرف سزا سنا سکتی ہوں۔‘

دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ جیل میں لوہن کا رویہ اچھا رہا تو انہیں تین ہفتے بعد بھی رہا کیا جا سکتا ہے۔ ان کے ریمانڈ کا حکم جاری کرتے ہوئے جج مارشا ریول نے فوٹوگرافروں کو اداکارہ کی تصاویر لینے سے منع کیا۔

انہیں یہ سزا شراب نوشی کے حوالے سے تعلیمی کورس میں شرکت نہ کرنے پر سنائی گئی جبکہ سزا ختم ہونے پر انہیں بحالی کے ایک مرکز میں کچھ وقت گزارنا ہوگا۔

لنڈسے لوہن کو 2007ء میں شراب نوشی کے بعد ڈرائیونگ کرنے اور منشیات رکھنے پر عدالت نے تعلیمی کورس میں شریک ہونے کا حکم دیا تھا۔ اُس وقت انہیں تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تک جیل میں رکھا گیا تھا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: شادی خان سیف