1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور میں فاتح کرکٹ ٹیم کے استقبال کی تیاریاں

22 جون 2009

ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں فتح حاصل کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم منگل کی صبح 3:00 بجے لاہور پہنچ رہی ہے اور ٹیم کے استقبال کے لئے شاندار انتظام کئے گئے ہیں۔ عوام کی ایک بڑی تعداد لاہور ائر پورٹ پر جمع ہو چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/IWs5
لاہورکے ہوائی اڈے پر کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد پاکستانی ٹیم کے استقبال کے لئے جمع ہونا شروع ہو گئی ہےتصویر: AP

پنجاب کے صوبائی دراحکومت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے استقبال کے لئے انتظامات تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں ، پاکستان کرکٹ بور ڈ کے ذرائع نے یہ امکان ظاہر کیا ہے کہ عبدالرزاق، شاہد آفریدی اور فواد عالم سمیت کئی کھلاڑی لاہور پہنچنے والی ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے بلکہ یہ کھلاڑی ایک روز بعد پاکستان پہنچیں گے ۔

اگرچہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی فاتح کرکٹ ٹیم صبح سویرے دن چڑھنے سے بھی پہلے اپنے وطن واپس پہنچے گی لیکن اس کے باوجود کرکٹ کے شائقین کی بڑی تعداد علامہ اقبال انٹر نیشنل ائرپورٹ پہنچنے کی توقع کی جا رہی ہے۔اس صورت حال میں پنجاب حکومت نے فاتح ٹیم کو سرکاری پروٹوکول دینے کااعلان کیا ہے۔پنجاب حکومت کے ترجمان پرویز رشید نے بتایا کہ دہشت گردی کے خطرے کے پیشِ نظرٹیم اور اس کا استقبال کرنے والوں کی حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

ٹیم کے استقبال کے لیے وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک ارکان پارلیمنٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام بھی ائرپورٹ پر موجود ہوں گے ۔ ادھر پنجاب اسمبلی میں حکومت اور حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے اراکین نے سوموار کے روز پاکستانی کرکٹ ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کی طرح صوبائی حکومت بھی پاکستان کی فاتح کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لئے نقد انعامات کا اعلان کرے۔

تنویر شہزاد، لاہور

ادارت : عاطف بلوچ