1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور میں خودکش حملہ، 23 ہلاک اور250 زخمی

27 مئی 2009

پاکستانی شہر لاہور ریسکیو 15 اور سٹی پولیس چیف کی عمارتوں پر کئے گئے بم حملے میں 23 افراد جاں بحق اور 250 زخمی ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Hy7c
حملے میں ریسکیو 15 کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئیتصویر: AP

لاہور میں واقع سی سی پی او آفس کے ساتھ ریسکیو 15 کی عمارت میں دھماکے سے عمارت ایک حصہ منہدم ہوگیا۔ دھماکے سے متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔ لاہور میں ڈوئچے ویلے کے نمائندے تنویر شہزاد نے کہا کہ سیکیورٹی کے لحاظ سے اس حساس ترین علاقے میں ایسے حملے نے حکومت اور سیکیورٹی ایجنسیوں کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔ تنویر شہزاد کا کہنا تھا کہ فوج اور ریجنرز کے اہلکاروں نے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے اور علاقے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔


اس دھماکے میں ریسکیو15 کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور سی سی پی او کے دفتر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ایدھی ذرائع کے مطابق اس خودکش حملے میں تیس سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

جائے حادثہ کے قریب واقع پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے دفتر کو بھی اس حملے میں جزوی نقصان پہنچا اور دفتر کی بیرونی دیوار ٹوٹ گئی۔ واقع کے بعد فوجی ہیلی کاپٹروں نے بھی علاقے پر پروازیں کیں۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سے پہلے اور بعد میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ دھماکے سے علاقے میں شدید خوف ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ لاہور کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔