1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قطری سفارت کارکا مزاق مہنگا پڑ گیا

8 اپریل 2010

امریکی شہر لاس ویگاس جانے والی فلائٹ کے پائلٹ نے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کرتے ہوئے ایئرکنٹرول کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ جس پر فوری طور پر دو ایف 16 طیاروں نے جہاز کوحفاظتی گھیرے میں لے لیا۔

https://p.dw.com/p/MqEb
تصویر: DW-TV

لاس ویگاس جانے والی فلائٹ میں صورتحال اس وقت گھمبیر ہوگئی جب ایک اہلکارنے ٹوائلٹ میں دھوئیں کی بو محسوس کرتے ہوئے خصوصی سیکیورٹی عملے ایئر مارشلز کو خبردار کیا۔ ایئرمارشلزنے ٹوائلٹ سے باہر آنے والے مسافر سے اس بارے میں سوال کیا تواس نے مزاق میں کہا کہ وہ اپنے جوتے جلانے کی کوشش کررہا تھا۔ جس پر ایک ایئر مارشل نے مسافر کو جہاز کے فرش پرگرا لیا۔

پائلٹ کی طرف سے ایمرجنسی کے اعلان کے بعد جہاز کو ڈینور ایئرپورٹ پر باحفاظت اتار لیا گیا،جوکہ جہاز کا پہلے سے ہی شیڈیول سٹاپ تھا۔ امریکی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی اس واقعے کی تفتیش کررہا ہے۔ تاہم امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس 27 سالہ قطری سفارت کار کا نام محمد المودادی ہے جو کہ واشنگٹن میں قائم قطری سفارت خانے میں بطور تھرڈ سیکریٹری خدمات انجام دے رہا ہے۔ المودادی کو تمام تر سفارتی تحفظ حاصل ہے۔

امریکی ٹرانسپورٹ سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ مذکورہ مسافر کو حِراست میں لے لیا گیا ہے اور صورتحال کی تفتیش کی جارہی ہے۔

گزشتہ برس 25 دسمبر کو ڈیٹرائٹ جانے والی امریکی فلائٹ کو دوران پرواز دھماکے سے اڑانے کی ناکام کوشش کے بعد نہ صرف فضائی سفر کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات بہت سخت کردیے گئے ہیں بلکہ اس طرح کا کوئی بھی واقعہ حکام کے لئے شدید پریشانی کا باعث بن جاتا ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت : عدنان اسحاق