1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قدیم مصری ملکہ کی موت کی وجہ، زہریلی دوا کا ممکنہ استعمال

21 اگست 2011

جرمن شہر بون کی یونیورسٹی کے محققین نے دعویٰ کیا ہے کہ 35 سو برس قبل ہلاک ہونے والی مصری ملکہ ہیٹشی پسوٹ کی موت کی ممکنہ وجہ جلد کے مرض سے نجات کے لیے زہریلی دوا کا ممکنہ استعمال تھا۔

https://p.dw.com/p/12KjN
تصویر: Postdlf

اس ملکہ کے زیراستعمال رہنے والے کچھ برتن جرمن شہر بون کے قدیم مصری تہذیب سے متعلق میوزیم میں موجود ہیں۔ انہیں برتنوں میں موجود قدیم اور خشک مادوں کے تجزیے سے، 15 سو سال قبل از مسیح کے دور کی اس مصری ملکہ کی موت کی وجوہات کے حوالے سے یہ تحقیق آگے بڑھائی گئی ہے۔ محققین کے مطابق ملکہ کے زیراستعمال رہنے والے ایک چھوٹے سے فلاسک میں ایک زہریلے مادے کا سراغ ملا ہے، جو غالبا ملکہ ہیٹشی پسوٹ اپنی جلد سے متعلق مسائل سے نجات کے لیے بطور دوا استعمال کیا کرتی تھی۔

بون یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے، ’یہ بات ایک عرصہ قبل معلوم ہو چکی ہے کہ ہیٹشی پسوٹ خاندان کے لوگ جلدی امراض کا شکار تھے۔‘

Ägypten Mumie der Pharaonin Hatschepsut identifiziert
ملکہ ہیٹشی پسوٹ کی ممیتصویر: AP

بیان میں ماہرین کی اس رائے کا حوالہ دیا گیا ہے کہ ملکہ کے زیراستعمال رہنے والے اس فلاسک میں جائفل اور پام کے تیل کے ساتھ ساتھ کچھ دیگر عناصر سے مرقع مادے کی دریافت ہوئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے، ’یہ بات پہلے ہی مُسلّمہ ہے کہ اُس دور میں اس مادے کو جلد کی سوزش اور داغوں سمیت مختلف جلدی امراض کے خلاف استعمال کیا جاتا تھا۔‘

واضح رہے کہ اب ہر طرح کی کاسمیٹک مصنوعات میں اس مادے کے استعمال پر پابندی عائد ہے کیونکہ یہ کینسر کا باعث بنتا ہے۔

بون یونیورسٹی کے فارماکولوجی ڈپارٹمنٹ کے مطابق، ’’ملکہ اپنی جلد پر سوزش سے وقتی نجات کے لیے پام اور جائفل کا تیل استعمال کرتی ہوں گی، تاہم اس استعمال سے وہ کینسر جیسے شدید خطرات میں گھِر گئیں تھیں، یہ شاید انہیں معلوم نہیں تھا۔‘‘

بون یونیورسٹی کی اس تحقیقی ٹیم سے وابستہ میشاعیل میولر کا کہنا ہے کہ کینسر کو اس مصری ملکہ کی موت کی وجہ تو ایک مدت سے قرار دیا جا رہا تھا، تاہم اب یہ بات بھی قدرے واضح ہے کہ اس کینسرکی وجہ کیا تھی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں