1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قاہرہ میں اسرائیلی سفارت خانے پر مظاہرین کا حملہ

10 ستمبر 2011

اسرائیل نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اپنے سفارت خانے پر حملے کے سلسلے میں امریکہ سے مدد طلب کی ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع ایہود باراک نے اس سلسلے میں امریکی سیکرٹری دفاع لیون پینیٹا سے رابطہ کیا۔

https://p.dw.com/p/12WTy
تصویر: picture alliance/dpa

ایہود باراک نے ہفتہ کو لیون پینیٹا سے رابطے میں قاہرہ میں اپنے سفارت خانے کے تحفظ کے لیے مدد کی درخواست کی۔ یہ پیش رفت قاہرہ میں اسرائیلی سفارت خانے پر مظاہرین کی چڑھائی کے بعد سامنے آئی ہے۔

اسرائیلی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ایہود باراک نے لیون پینیٹا اور مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکی صدر باراک اوباما کے مشیر ڈینس روز سے بات کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر دفاع نے قاہرہ کے واقعے پر اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور ڈیفنس چیفس سے بھی بات کی ہے۔ تاہم ان کے درمیان گفتگو کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں قائم اسرائیلی سفارت خانے پر جمعہ کی شام مظاہرین نے ہلہ بول دیا تھا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انہوں نے اسرائیلی پرچم پھاڑ دیا اور سفارتی دستاویزات باہر پھینک دیں۔

ایک مہینے کے دوران اسرائیلی سفارت خانے پر حملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ مظاہرین نے سفارت خانے کے ارد گرد قائم حفاظتی رکاوٹیں بھی توڑ ڈالیں۔

تاہم ایہود باراک کے بیان میں قاہرہ کے سفارت خانے پر حملے کے حوالے سے مظاہرین کی جانب سے اندر گھسنے کا ذکر نہیں کیا گیا۔

Israel Ehud Barak verlässt Labor Party und will neue Partei gründen
اسرائیلی وزیر دفاع ایہود باراکتصویر: dapd

دوسری جانب امریکی صدر باراک اوباما نے مصر پر زور دیا کہ وہ قاہرہ میں اسرائیلی سفارت خانے کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ واشنگٹن حکام کے مطابق اوباما نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر بات بھی کی۔

گزشتہ ماہ اسرائیلی فوج کی طرف سے پانچ مصری سرحدی گارڈز کی ہلاکت کے بعد سے قاہرہ میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر احتجاج معمول بنا ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے قاہرہ میں ایئرپورٹ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی سفیر اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ ملک چھوڑ رہے ہیں۔

روئٹرز نے قاہرہ کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا کہ صورت حال پر غور کے لیے وزیر اعظم عصام شرف نے کابینہ کی کرائس ٹیم طلب کی ہے۔

 

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں