1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیس بک پرائیویسی آپشنز تبدیل کرنے پر آمادہ

22 دسمبر 2011

سماجی رابطوں کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک کے منتظمین نے کہا ہے کہ وہ شمالی امریکہ سے باہر فیس بک کے قریب نصف بلین صارفین کی پرائیویسی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ویب سائٹ میں اہم تبدیلیاں لائیں گے۔

https://p.dw.com/p/13XSM
تصویر: dpa

تین ماہ تک جاری رہنے والی تحقیقات کے بعد معلوم ہوا ہےکہ فیس بک کی پرائیویسی پالیسیاں نہ صرف پیچیدہ ہیں بلکہ وہ شفاف بھی نہیں ہیں۔ فیس بک کے ڈبلن میں واقع بین الاقوامی صدر دفاتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئرش ڈیٹا پروٹیکشن کمشنر بلی ہاکس نے کہا کہ سماجی رابطوں کے لیے بنائی گئی اس ویب سائٹ کے صارفین یہ نہیں جانتے کہ ان کے ذاتی کوائف ان کی معلومات میں لائے بغیر ہی تشہیری مقاصد کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

مثال کے طور پر فیس بک کے صارفین کو شاید یہ معلوم نہ ہو کہ وہ اپنی جو تصویریں اپ لوڈ کر رہے ہیں، وہ اس وقت تک ہر کسی کی دسترس میں ہیں، جب تک وہ اپنے فیس بک صفحے کی پرائیویسی آپشنز تبدیل نہیں کرتے۔

ڈبلن میں واقع فیس بک کے انٹر نیشنل ہیڈکوارٹرز میں شمالی امریکہ اور کینیڈا سے باہر رہنے والے صارفین کے تمام تر کیس وصول کیے جاتے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے مجموعی صارفین کی تعداد آٹھ سو ملین بنتی ہے، جن میں سے زیادہ تر شمالی امریکہ سے باہر رہتے ہیں۔

Flash-Galerie Facebook as a tool for expressing political views of Lebanese youth
فیس بک نے آئندہ چھ ماہ تک اپنی ویب سائٹ میں اہم تبدلیاں لانےکا وعدہ کیا ہےتصویر: DW

آئرش ڈیٹا پروٹیکشن کمشنر بلی ہاکس نے بتایا کہ ان کے دفتر اور فیس بک کے مابین صارفین کی پرائیویسی کے تحفظ کے حوالے سے یہ معاملہ ایک چیلنج سے کم نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ فیس بک نے آئندہ چھ ماہ تک اپنی ویب سائٹ میں اہم تبدلیاں لانےکا وعدہ کیا ہے، جو صارفین کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ ہاکس نے مزید کہا کہ اب فیس بک اپنے صارفین کو اس ویب سائٹ پر موجود مختلف آپشنز کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔

اسی حوالے سے فیس بک کی پرائیویسی سیٹنگز کا ایک جائزہ اب آئندہ برس جولائی میں لیا جائے گا۔ فیس بک کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان تبدیلیوں کو مؤثر طریقے سے عملی جامہ پہنانا ایک مشکل اور وقت طلب کام ہو گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں