1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فکسنگ ثابت، شرجیل خان پر پانچ سالہ پابندی عائد

عاصمہ کنڈی
30 اگست 2017

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فِکسنگ مقدمے میں مجرم ثابت ہونے پر قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شرجیل خان پر پانچ سال تک کرکٹ کھیلنے کی پابندی لگا دی ہے۔

https://p.dw.com/p/2j4OB
Sharjeel Khan Cricket Spieler aus Pakistan
تصویر: DW/T. Saeed

آج لاہور میں سنائی جانے والی سزا میں ڈھائی برس کی معطل سزا بھی شامل ہے۔ اس بات کا اعلان پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت کرنے والے پی سی بی کے تین رکنی اینٹی کرپشن ٹریبونل نے آج بدھ 30 اگست کو لاہور میں کیا۔ شرجیل خان نے اپنے خلاف اس فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Pakistan Sharjeel Khan
شرجیل خان فیصلہ سننے کے بعد اپنے وکیل کے ہمراہ  قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا کے سامنے آئےتصویر: DW/T. Saeed

شرجیل خان پر الزام تھا کہ انہوں نے دبئی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ  میں بک میکروں کے ساتھ ساز باز کرتے ہوئے جان بوجھ کر دو ڈاٹ گیندیں کھیلیں۔ رواں برس نو فروری کو ہونے والے اس مقابلے میں شرجیل خان پشاور زلمی کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے تھے۔

پی سی بی کی طرف سے بنائے گئے اینٹی کرپشن  ٹریبونل کی سربراہی لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس اصغر حیدر کر رہے تھے۔ اس ٹریبونل کی طرف سے جاری کیے گئے مختصر فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شرجیل خان پی سی بی کے اینٹی کرپشن ضابطہ اخلاق کی پانچ شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔

 یہ قضیہ سامنے آنے کے اگلے ہی روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے شرجیل خان اور خالد لطیف کو بکیوں سے روابط رکھنے پر معطل کر کے دبئی سے وطن واپس بھیج دیا تھا۔ خالد لطیف کیس کی سماعت بھی مکمل ہو چکی ہے جبکہ ایک  اور کرکٹر شاہ زیب حسن اور اس اسکینڈل کے مرکزی کردار ناصر جمشید اور مبینہ بک میکر یوسف کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دو اور کھلاڑیوں محمد عرفان اور محمد نواز کو بھی اس سلسلے میں معطلی کا سامنا ہے۔ پی سی بی ٹریبونل میں سابق بورڈ چیئرمین جنرل توقیر ضیاء اور سابقہ وکٹ کیپر وسیم باری بھی شامل تھے۔

شرجیل خان پر عائد کی گئی فرد جرم کے مطابق انہوں نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی پانچ شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میچ سے ایک روز پہلے دبئی میں ناصرف بُک میکر کی جانب سے رقم کے عوض دو ڈاٹ گیندیں کھیلنے کی پیشکش قبول کی بلکہ اسے عملی جامہ بھی پہنایا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پی سی بی کا موقف درست ثابت ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض مقدموں کا فیصلہ اپنے حق میں بھی سن کر دکھ ہوتا ہے اور یہ ان میں سے ایک تھا۔

شرجیل خان فیصلہ سننے کے بعد اپنے وکیل کے ہمراہ  قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا کے سامنے آئے لیکن انہوں نے خود کسی قسم کے رد عمل سے انکار کر دیا۔ شرجیل کے وکیل شیغان اعجاز کا کہنا تھا کہ  ان کے مؤکل کو اس فیصلے پر اعتراض ہے اور اس کے خلاف وہ اپیل  کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بدعنوانی کے تینوں الزامات سے  بری ہونے کی توقع کر رہے تھے لیکن ایسا نہیں ہوا اور فیصلے پر انہیں تحفظات ہیں۔ ہم تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد چودہ دن میں پی سی بی ٹریبونل میں اپیل کریں گے۔    

Cricket Pakistan Sri Lanka
شرجیل خان ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے صف اول کے کھلاڑی تھے اور اپنی جارحانہ اور تابڑ توڑ بیٹنگ کی وجہ سے قومی ٹیم کا لازمی حصہ بن چکے تھےتصویر: Karim Sahib/AFP/Getty Images

اٹھائیس سالہ شرجیل خان کو ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ سے عالمی شہرت ملی تھی۔ وہ ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے صف اول کے کھلاڑی تھے اور اپنی جارحانہ اور تابڑ توڑ بیٹنگ کی وجہ سے قومی ٹیم کا لازمی حصہ بن چکے تھے۔ شرجیل نے ایک ٹیسٹ میچ سمیت 41 بین الاقوامی میچ پاکستانی جرسی میں کھیلے لیکن لگتا یہی ہے کہ اب وہ تاریک راہوں کے مسافر بن چکے ہیں۔ 

 

Asma Kundi
عاصمہ کنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی عاصمہ کنڈی نے ابلاغیات کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔
اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید