1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال کے یورپی کپ کی تاریخ

6 جون 2008

فٹ بال کی پہلی عالمی چیمپئن شپ 1930 میں اور پہلی یورپی چیمپئین شپ 1960 میں منعقد ہوئی تھی۔ پہلے یورپی کپ مقابلوں میں برطانیہ، اٹلی اور جرمنی شامل نہیں ہوئے تھے۔

https://p.dw.com/p/EERH
یورو کپ 2008 کے امتیازی کردار Trix اور Flixتصویر: AP

1960 میں ہونے والی اولین یورپی چیمپئین شپ میں مشرقی بلاک کے ملکوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیاتھا ۔ یہ مقابلے فرانس میں ہوئے تھے اور ان میں 29 یورپی ممالک نے شرکت کی تھی۔ 48 برس قبل ہونے والی اس چیمپئین شپ کے فائنل میں سوویت یونین اور یوگوسلاویہ کی ٹیمیں پہنچی تھیں۔ اس میچ میں سوویت یونین نے یوگوسلاویہ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فٹ بال کا پہلا یورپی چیمپئین ملک بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

چار سال بعد 1964 میں دوسری یورپی چیمپئین شپ میں بھی مشرقی یورپی بلاک کے ملک ان مقابلوں پر چھائے رہے۔ البتہ فائنل میں میزبان ملک اسپین نے سوویت یونین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیاتھا۔

1968 میں تیسری بار یہ مقابلے اٹلی میں منعقد کئے گئے۔ فائنل میں اٹلی اور یوگوسلاویہ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا اور چونکہ اس میچ کا تب کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا تھا ، اس لئے یہ فائنل دوبارہ کھیلا گیا تھا جس میں اٹلی کی ٹیم جیت گئی تھی۔

Fussball der Europameisterschaft 2008 EM 2008
سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا میں یورپی چیمپئین شپ کے مقابلوں میں استعمال ہونے والا ہائی ٹیک فٹ بال 'یوروپاس'تصویر: AP

جرمنی نے ان یورپی فٹ بال مقابلوں میں پہلی مرتبہ حصہ تیسری یورپی چیمپئین شپ میں لیا تھا لیکن اس کی ٹیم پہلے ہی راونڈ میں یوگوسلاویہ اور البانیہ سے ہار کر اس چیمپئین شپ سے خارج ہو گئی تھی۔

70 کا عشرہ جرمن ٹیم کے لیے کامیابی کی دہائی ثابت ہوا۔ 1972 میں جرمن ٹیم نے یوروکپ کے فائنل مقابلے میں سوویت یونین کو تین صفر سے ہرایاتھا۔ اگرچہ 1976میں جرمن ٹیم یورو کپ کے فائنل میں چیکوسلوواکیہ کی ٹیم سے ہار گئی تھی تاہم 1980میں بیلجیئم میں اور پھر 1996 میں انگلینڈ میں جرمن ٹیم نے یہ کپ جیت لیاتھا۔ اس کے بعد سے اب تک جرمنی یہ چیمپئین شپ جیتنے کی کوششوں میں مسلسل مصروف تو رہا مگر اسے کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔

سات جون کو شروع ہونے والے یورو کپ 2008 کے لئے بھی جرمن ٹیم نے محنت تو بہت کی ہے مگر اسے ان مقابلوں میں شامل سب سے مظبوط ٹیم ابھی بھی نہیں کہا جاسکتا۔