1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹبال کی سپر پاورز کے دوستانہ مقابلے

9 فروری 2011

دنیائے فٹبال کی کئی سرفہرست ٹیمیں آج ایک دوسرے کے خلاف دوستانہ مقابلہ کر رہی ہیں، جس سے عالمی کپ کے کوارٹر فائنل جیسا ماحول پیدا ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/10EO8
تصویر: AP

اس سلسلے میں فٹبال کی یورپی سپر پاور جرمنی اور اٹلی کی ٹیمیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔ اسی طرح لاطینی امریکی سپر پاور ٹیمیں برازیل اور ارجنٹائن بالترتیب فرانس اور پرتگال سے ٹکرائیں گی۔ عالمی و یورپی چیمپئن سپین کی ٹیم کولمبیا کا مقابلہ کرے گی جبکہ انگلش ٹیم ڈنمارک کا۔

یہ مقابلے فٹبال کے دیوانوں کے لیے خوشگوار ہوا کا جھونکا ثابت ہورہے ہیں مگر یورپی فٹبال کلبز کے کوچ ان سے خوش نہیں۔ وہ اس لیے کہ چیمپئنز لیگ شروع ہونے میں کچھ ہی دن رہ گئے ہیں اور کوچز کو خدشہ ہے کہ اس موقع پر اُن کے کھلاڑی، اپنے ممالک کے لیے کھیلتے ہوئے چیمپئنز لیگ کی جانب اپنی توجہ کھو سکتے ہیں۔ مختلف ممالک کی قومی ٹیموں کے کوچز نے البتہ عندیہ دیا ہے کہ اگلے ماہ ہی یورو کپ 2012ء کے مقابلوں کا آغاز ہوجا ئے گا۔

Deutschland Fußballmannschaft
گزشتہ سال کھیلے گئے عالمی کپ کے ایک مقابلے سے قبل جرمن دستے کا گروپ فوٹوتصویر: AP

فرانس کی موجودہ ٹیم کو گزشتہ عالمی کپ میں بدترین کارکردگی دکھانے والی ٹیم کا بالکل الٹ قرار دیا جارہا ہے اور اس سے بہت سے امیدیں وابستہ کی گئی ہیں۔ ارجنٹائن اور پرتگال کے میچ میں دونوں ملکوں کے سٹار کھلاڑی یعنی لیونیل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو ایکشن میں نظر آئیں گے۔

جرمنی اور اٹلی کا میچ جرمن شہر ڈورٹمنڈ میں شیڈیول ہے۔ اسی میدان پر 2006ء کے عالمی مقابلوں کے دوران اٹلی نے جرمنی کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی تھی۔ جرمن ٹیم کے قائد فلپ لیہم نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ اطالوی ٹیم کو شکست دے کر تاریخ رقم کریں گے۔

جرمنی کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے تاہم اٹلی کے خلاف اس کا ریکارڈ زیادہ متاثر کن نہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان 29 مقابلے ہوچکے ہیں جن میں سے 14 اٹلی کے نام رہے جبکہ محض 7 جرمنی نے جیتے اور 8 بے نیتجہ رہے۔

WM 2006 Mannschaftsbild Italien
2006ء کے عالمی کپ میں جرمنی کو شکست دینے والے اطالوی دستے کا گروپ فوٹوتصویر: AP

آخری مرتبہ جرمن ٹیم نے 1995ء میں اپنے اطالوی حریفوں کو شکست دی تھی۔ یہ میچ سوئٹزرلینڈ میں کھیلا گیا تھا جو صفر کے مقابلے میں دو گولوں سے جرمنی کے نام رہا۔ واضح رہے کہ یورپ ان دو نامور ٹیموں میں سے اٹلی نے چار بار جبکہ جرمنی نے تین بار عالمی کپ جیتا ہے۔

بدھ کے مقابلے کے لیے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاریاں کی ہیں۔ یہ مقابلہ عالمی وقت کے مطابق رات 07 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوگا۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں