1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فوجی بریگیڈئر کی ٹارگٹ کلنگ

22 اکتوبر 2009

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے جمعرات کو فائرنگ کر کے فوج کے بریگیڈئرکو ڈرائیور سمیت ہلاک کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/KCim
تصویر: AP

گذشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں ہونے والا یہ دوسرا خونریز واقعہ ہے۔ جی الیون سیکٹر میں دہشت گردی کےاس واقعہ کا نشانہ بننے والے، بریگیڈیر معین الدین احمد، سوڈان میں اقوام متحدہ کے امن مشن سے رخصت پر پاکستان آئے ہوئے تھے۔

دارالحکومت کے ایک پولیس افسر سید کلیم امام کے بقول موٹر سائیکل سواروں نے فوجی جیپ میں سوار بریگیڈئر پر دو اطراف سے فائرنگ کی، جس سے ان کا ڈرائیور موقع پر ہلاک ہو گیا۔ بریگیڈیئر معین کو گولیوں کے گہرے زخم آئے، جن کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ ہسپتال میں چل بسے۔ جیپ میں سوار ایک اور فوجی اہلکار کو بھی گولیاں لگی ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

فوری طورپر حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہی کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں خودکش حملے کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ دو ہفتے قبل راولپنڈی میں فوج کے ہیڈ کوارٹر پر حملے میں بیس سے زائد ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

واضح رہے کہ فوج اس وقت جنوبی وزیرستان میں طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے کے زمینی آپریشن میں مصروف ہے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : امجد علی