1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانس کی خاتون اول: بیٹی کی ماں بن گئیں

20 اکتوبر 2011

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کی اہلیہ کارلا برونی نے بدھ کی شام ایک بچی کو جنم دیا ہے۔ فرانس کی تاریخ میں پہلی بار منصب صدارت پر فائز کسی صدر کے ہاں ولادت ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/12vZN
تصویر: dapd

کارلا برونی سارکوزی کے ہاں ایک بے بی گرل کی ولادت بدھ کی شام آٹھ بجے ہوئی تھی۔ اس وقت فرانسیسی صدر یورو زون میں پائے جانے والے قرضوں کے بحران کے حوالے سے جاری بات چیت میں تعطل کو ختم کرنے کے سلسلے میں جرمن شہر فرینکفرٹ پہنچے ہوئے تھے۔ فرینکفرٹ میں انہوں نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کی تھی۔ بدھ کی صبح وہ اپنی اہلیہ کو اس کلینک میں داخل کروانے کے بعد وہ امکاناً جرمن شہر فرینکفرٹ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

جرمنی سے واپسی کے بعد رات گیارہ بجے نکولا سارکوزی دارالحکومت پیرس کے مغرب میں واقع ایک چھوٹے سے پرائیویٹ کلینک گئے۔ اطلاعات کے مطابق مغربی پیرس میں اس کلینک کے باہر ابھی تک مختلف اخبارات فوٹو گرافروں اور ٹیلی وژن چینلز کے نمائندوں کی فوج جمع ہے۔

Nicolas Sarkozy Carla Bruni Kuss Paar Pärchen Frankreich Flash-Galerie
فرانسیسی صدر سے شادی کے بعد کارلا برونی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

نکولا سارکوزی کی تینتالیس سالہ اہلیہ کارلا برونی نے اپنے دوسرے بچے کو جنم دیا۔ ان کا پہلا بچہ ایک اطالوی فلاسفر Raphael Enthoven سے ہے اور اس کی ولادت سن 2001 میں ہوئی تھی۔ فرانسیسی صدر نے کارلا برونی سے سن 2008 میں شادی کی تھی۔ فرانس کی جدید تاریخ میں کوئی بھی صدر اپنے منصب پر فائز ہوتے ہوئے باپ بننے کی سعادت حاصل نہیں کر سکا تھا۔

فرانسیسی صدر کی رہائش گاہ Elysee Palace سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ صدارتی محل کی جانب سے پہلے ہی واضح کردیا گیا تھا کہ اس مناسبت سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا جائے گا۔ ایک جونیئر وزیرNadine Morano، جو صدر سارکوزی کے دوستوں میں شمار ہوتی ہیں، کا کہنا تھا کہ یہ سارکوزی اور ان کی اہلیہ کے لیے یقینی طور پرایک پرمسرت موقع ہے۔ جونیئر وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایام زچگی کے دوران صدر کارلا کا بہت خیال رکھتے تھے۔

کارلا برونی سارکوزی کے حاملہ ہونے کا بھی سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ اپنے ماں بننے کے ایام کے دوران وہ فوٹو گرافروں کے کیمروں سے بچتی رہیں۔ پہلی بار ان کو حاملہ حالت میں جی ایٹ اجلاس کے موقع پر سربراہان کی بیویوں کا خیر مقدم کرتے دیکھا گیا تھا۔

رپورٹ: عابد حسین ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں