1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عرب جمہوری تحریکیں، میانمار کے لیے مشعل راہ

28 جون 2011

جمہوریت نواز اپوزیشن رہنما آنگ سان سوچی نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ عوامی تحریکوں کو فوج کے زیر اثر میانمار کے عوام کے لیے مشعل راہ قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11klp
جمہوریت نواز اپوزیشن رہنما آنگ سان سوچیتصویر: AP

نوبل امن انعام یافتہ سوچی کا ایک برطانوی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ہمیں برما میں بھی مصر کی طرح کے ایک پر امن انقلاب کی ضرورت ہے۔‘‘ اسی طرح ٹائمز آف لندن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ’عرب ممالک میں بہار‘ کہلانے والی تبدیلیاں اس وجہ سے برما کے عوام کے لیے مشعل راہ ہے کہ ہم اس تجربے سے گزر چکے ہیں۔

سوچی نے کہا، ’’مشرق وسطیٰ میں پیش آنے والے واقعات آزادی کی عالمگیر تمنا کو ہمارے ملک میں لے آئے ہیں۔ حالات و واقعات میں تبدیلی دوسرے ممالک میں آ رہی ہے لیکن ان تبدیلیوں کی وجہ سے میانمار کے لوگ خوش ہیں۔‘‘

Myanmar Burma Aung San Suu Kyi Rede in Rangun
فوجی حکومت نے انہیں گزشتہ برس کے انتخابات میں حصہ لینے سے بھی روک دیا تھاتصویر: AP

عرب ملکوں کی طرح میانمار میں بھی سن 1988 اور 2007ء میں عوامی جمہوری تحریکوں کا آغاز ہوا تھا، جن کو وہاں کی فوجی انتظامیہ نے کچل دیا تھا۔ میانمار میں اپوزیشن کی خاتون رہنما آنگ سان سوچی کو گزشتہ برس نومبر میں رہا کیا گیا تھا۔ وہ مسلسل سات سال سے اپنے گھر پر نظر بند تھیں۔ مجموعی طور پر وہ تقریباﹰ 15 برس قید اور نظربندی میں گزار چکی ہیں۔

فوجی حکومت نے انہیں گزشتہ برس کے انتخابات میں حصہ لینے سے بھی روک دیا تھا۔ ان کی جماعت نے 1990ء کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی، تاہم انہیں کبھی اقتدار میں آنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔

آنگ سان سوچی کو میانمار میں ’دی لیڈی‘ کہا جاتا ہے اور وہ جمہوریت کی علامت سمجھی جاتی ہیں۔ میانمار میں سن 1962ء سے فوج نے ملک کا انتظام سنبھال رکھا ہے۔ تاہم وہاں گزشتہ برس نومبر کے انتخابات کے ساتھ ہی نیا آئین بھی مؤثر ہوگیا تھا، جس میں منتخب حکومت کی موجودگی میں بھی ملکی فوج کے قائدانہ کردار کو یقینی بنا دیا گیا ہے۔

نومبر میں ہوئے انتخابات پر میانمار میں جمہوریت نواز عناصر اور مغربی حکومتوں نے شدید تنقید کی تھی۔ ان انتخابات میں بے ضابطگیوں اور دھاندلی کے الزامات بھی لگائے گئے تھے۔ سوچی کے مطابق فوج اپنے من پسند رہنما پارلیمان میں لانے میں کامیاب رہی ہے۔ ان کے مطابق پارلیمان میں ایک چوتھائی نشستیں انتخابی عمل سے پہلے ہی فوج کے لیے مختص کر دی گئی تھیں۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں