1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق سے امریکی افواج کا انخلا روک دیا جائے: عراقی جنگ سے متعلق رپورٹ

8 اپریل 2008

عراق میں امریکی افواج کے سر براہ جنرل ڈیوڈ پیٹریئس نے اب سے کچھ دیر قبل امریکی کانگریس کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو عراقی جنگ کے حوالے سے ایک بریفنگ دی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ رواں سال جولائی کے بعد عراق سے امریکی افواج کا انخلا روک دیا جانا چاہیے۔ اس بریفنگ میں ان کے ہمراہ عراق میں امریکہ کے سفیر رایان کروکر بھی تھے۔

https://p.dw.com/p/Di7a
تصویر: AP


جنرل پیٹریئس اور رایان کروکر کا عراق سے متعلق رپورٹ میں یہ موقف ہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں پیش کی گئی رپورٹ سے لے کر اب تک عراق کی صورتِ حال میں بہتری آئی ہے اور ایسا خصوصاً عراق میں پچھلے سال کیے گئے امریکی افواج کے اضافے کی وجہ سے ہوا ہے۔


جنرل ڈیوڈ پیٹریئس اور رایان کروکر کا یہ بھی کہنا ہے کہ گو کہ عراقی جنگ میں امریکہ کو اہم کامیابی حاصل ہو رہی ہے تاہم یہ کامیابیاں نا ہموار ہیں۔


جنرل ڈیوڈ پیٹریئس نے کانگریس کے سامنے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پلان کے مطابق اس سال جولائی تک بیس ہزار امریکی افواج کو واپس بلا لینا چاہیے تاہم اس کے بعد پینتالیس روز کے لیے مزید افواج کے انخلا سے باز رہنا چاہیے اور صورتِ حال کا مشاہدہ کر نا چاہیے۔ اگر افواج کے انخلا سے صورتّ حال بہتری کی جانب گامزن دکھائی دے تو مزید افواج کو عراق سے واپس بلا لینا چاہیے۔ ان کے بقول امریکی افواج کا مرحلہ وار مکمل انخلا امریکہ کے لیے تباہ کن ہو گا اور صورتِ حال اس حد تک بگڑنے کا امکان ہے کہ امریکہ کو عراق میں ایک زیادہ مہنگی جنگ لڑنے کے لیے دو بارہ جانا پڑے گا۔


رایان کروکر اور ڈیوڈ پیٹریئس کے مطابق امریکہ القاعدہ کہ’ دوسر‘ موقع نہیں دے سکتا۔دونوں حضرات نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ عراقی عسکریت پسندوں اور مزاحمت کاروں کی امداد کر رہا ہے اور یہ کہ مقتدہ الصدر کی مہدی آرمی کی حالیہ بغاوت کے پیچھے بھی ایران کا ہاتھ ہے۔ ایران ایسے تمام الزامات کو رد کرتا آیا ہے۔


کانگریس کی آرمڈ سروسز کمیٹی کی ایک رکن ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلری کلنٹن بھی ہیں۔ جنرل ڈیوڈ پیٹریئس اور رایان کروکر اس کے بعد یہ رپورٹ کانگریس کی فارن ریلیشنز کمیٹی کے سامنے بھی پیش کریں گے جس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک اور صدارتی امیدوار براک اوباما شامل ہیں۔ عراقی جنگ ڈیموکریٹک پارٹی کے دونوں صدارتی امیدواروں کے لیے ایک اہم موضوع ہے ۔ دوسری جانب حکمران رپبلکن پارٹی کے حتمی صدارتی امیدوار جان میک کین کھل کر عراق سے امریکی افواج کے انخلا کی مخالفت کر رہے ہیں۔