1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عامر خان کی پاکستان کے حق میں ’باکسنگ‘

8 جنوری 2010

پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان کی خواہش ہے کہ انگلش کرکٹرز پاکستان کا دورہ کریں۔ عالمی باکسنگ چیمپیئن خان نے کہا، وہ ذاتی سطح پر کوشش کریں گے کہ پاکستان میں پھر سےبین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں۔

https://p.dw.com/p/LOlN
باکسنگ چیپمپیئن جو لوئس کے دستانےتصویر: picture-alliance/dpa

پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان کی خواہش ہے کہ انگلش کرکٹرز پاکستان کا دورہ کریں۔ عالمی باکسنگ چیمپیئن خان نے کہا، وہ ذاتی سطح پر کوشش کریں گے کہ پاکستان میں پھر سےبین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان کے مطابق وہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو پاکستان کے دورے کے لئے قائل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ آئے روز کے خودکش حملوں اور بے یقینی کی صورتحال سے دوچار ملک پاکستان میں اس وقت بین الاقوامی سطح کے ٹورنامنٹس کا انعقاد نہ ہونے کے برابر ہے۔گزشتہ سال مارچ میں شہر لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے تو صورتحال مزید ابتر ہوگئی ہے۔

Die Box-Legende Muhammad Ali auf einer Pressekonferenz in Berlin am Freitag 16. Dezember 2005.
مایہ ناز باکسر محمد علی جرمن دارالحکومت برلن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران، فائل فوٹوتصویر: AP

باکسرعامر خان ورلڈ سٹیج پر پاکستان کا امیج بہتر بنانا چاہتے ہیں:’’مجھے انتہائی خوشی ہے کہ میں اُس ملک میں آیا ہوں، جس کے ساتھ میرے آباؤ اجداد کا گہرا تعلق رہا ہے۔ جب لوگ مجھے پاکستان کا دورہ کرتے دیکھیں گے، تو یقیناً ان کے اذہان میں بھی یہ بات ضرور آئے گی کہ یہ ملک کھیلوں کے لئے محفوظ ہے۔‘‘

عامر نے سات جنوری کو پاکستانی شہر کراچی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ ذاتی طور پر اینڈریو فلینٹاف سمیت انگلینڈ کے کئی ٹاپ کرکٹرز کو جانتے ہیں اور یہ کہ وہ ان سے پاکستان کا دورہ کرنے کے حوالے سے بات کریں گے۔ لائٹ، ویلٹر ویٹ چیمپیئن عامر خان ان کھلاڑیوں کو پاکستان کا دورہ کرنے پر راضی کرنے کی بھرپور کوشش کرنا چاہتے ہیں:’’میں اینڈریو فلینٹاف سمیت دیگر انگلش کرکٹرز سے خود بات کروں گا اور ان سے کہوں گا کہ کھیلوں کی عظیم تاریخ کے حامل ملک پاکستان کو اس وقت بین الاقوامی برادری کے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے۔ میں یقیناً پاکستان کے لئے کچھ کرنا چاہتا ہوں۔‘‘ خان کے مطابق ان کے پاکستان آنے سے کھیلوں کی دنیا کو ایک مثبت پیغام پہنچا ہے۔

گزشتہ سال لاہور میں مہمان کرکٹرز پر حملے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ’آئی سی سی‘ نے نہ صرف پاکستان سے چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کے حقوق واپس لے لئے بلکہ پاکستان کو سن 2011ء کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی شریک میزبانی سے بھی محروم کر دیا۔

ابھی حال ہی میں پاکستان کے شمال مغربی سرحدی صوبے میں ایک مقامی والی بال میچ کے دوران تماشائیوں پر خودکش حملے میں ایک سو سے زیادہ افراد مارے گئے تھے۔ ایسے ناخوشگوار واقعات کے باوجود باکسنگ سٹار عامر خان چاہتے ہیں کہ عالمی برادری مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور مدد کرے۔ عامر خان کے مطابق اِس کڑے وقت میں پاکستان کو تنہا چھوڑنا صحیح نہیں ہوگا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: امجد علی