1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی کپ میں شمولیت کے لیے تیار ہیں، اظہر علی

6 اکتوبر 2016

ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روز میچوں میں کلین سوئیپ کے بعد ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ ٹیم نے ہر شعبے میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سیریز کے بعد ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/2QvAZ
Azhar Ali
تصویر: Shafiq Malik

ایک روزہ میچوں کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم 2019ء کے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ اظہر علی کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح سے ٹیم کا حوصلہ بلند ہوا ہے، ’’یہ ایک انتہائی اہم سیریز تھی اور ہمارے لیے دیگر چیلنجز کا آغاز بھی۔‘‘ ان کے بقول پاکستان کی ٹیم کو اپنی کارکردگی پر مزید توجہ دینا ہو گی اور اسی طرح بہتری لانا ہو گی کیونکہ 2019ء کے عالمی کپ میں کوالیفائی کرنے کے حوالے سے ابھی تقریباً ایک سال باقی ہے۔‘‘

پاکستان نے گزشتہ روز ہی ابو ظہبی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری سیریز میں اپنا آخری میچ ون ڈے کھیلا  اور سیریز تین صفر سے جیت لی۔ اس میچ میں پاکستان نے مہمان ملک کو 136رنز سے شکست دی۔ اس طرح اب پاکستانی ٹیم ایک روزہ میچوں کی عالمی درجہ بندی میں نویں سے آٹھویں نمبر پر آ گئی ہے۔

Indien Cricket Finale Herren England gegen West Indies ICC World Twenty20
تصویر: Getty Images/AFP/I. Mukherjee

اگلے ورلڈ کپ کا میزبان ملک انگلینڈ ہے۔ تیس ستمبر 2018ء تک عالمی درجہ بندی میں سات بہترین ٹیمیں براہ راست عالمی کپ کھیلیں گی جبکہ اس فہرست کی آخری چار ٹیمیوں کو دیگر چھ ایسوسی ایٹ ٹیموں کے ساتھ مل کر کوالیفائنگ راؤنڈز کھیلنا پڑے گا اور ان میں سے دو بہترین ٹیموں کو عالمی کپ میں شامل کیا جائے گا۔ 2015 ء کے عالمی کپ کے بعد بنگلہ دیش نے پاکستان کو تین صفر سے شکست دی تھی، اس کے بعد ایک روز سیریز میں انگلینڈ اور پھر نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم نویں نمبر پہنچ گئی تھی۔

کپتان اظہر علی نے اس موقع پر خاص طور پر اوپنر بابر اعظم کا ذکر کیا، جنہوں نے تین میچوں میں تین سنچریاں اسکور کیں، ’’بابر اعظم نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔‘‘ بابر اعظم نے تین اننگز میں بالترتیب 120 ,123 اور 117 رنز اسکور کیے۔ علی نے مزید کہا کہ اس کامیابی میں ٹیم کے نئے کوچ مکی آرتھر کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔

پاکستان اب اگلے برس کے آغاز میں آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز کھیلے گی۔ اس تناظر میں علی کا کہنا تھا، ’’ہم آسٹریلیا میں آسٹریلیا کے لیے ایک چیلنج ثابت ہو سکتے ہیں۔‘‘