1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طرابلس میں جلد ہی امن قائم ہو جائے گا، باغی

27 اگست 2011

لیبیا میں باغیوں کی قومی عبوری کونسل کی طرف سے ہفتے کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دارالحکومت طرابلس میں جلد ہی امن و استحکام قائم کر دیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/12Ofz
تصویر: dapd

لیبیا پر گزشتہ 42 برس تک حکومت کرنے والے معمر قذافی کی تلاش کے عمل کے ساتھ ساتھ باغی طرابلس میں انسانی بنیادوں پر امدادی اور انتظامی امور جیسی خدمات بھی انجام دینے میں مصروف ہیں۔ قومی عبوری کونسل کے وزیر اطلاعات محمد شمام نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا کہ باغی اس وقت فوجی نوعیت کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، تاہم جلد ہی دنیا طرابلس میں امن و استحکام کی خبریں بھی سن لے گی۔

شمام نے کہا کہ ٹی وی اسٹیشن اور دیگر میڈیا ادارے کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی کی نگرانی میں کام کریں گے جب کہ جلد ہی قومی عبوری کونسل اس سلسلے میں ایک نگران ادارے کے قیام کا بھی اعلان کر دے گی۔

گزشتے ہفتے طرابلس میں داخل ہونے کے بعد باغیوں نے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو پر قبضہ کر لیا تھا، جب کہ قذافی کی حامی فورسز کو یہ علاقہ چھوڑنا پڑا تھا۔ قذافی کے خلاف عوامی مظاہروں اور پھر مسلح تحریک کے آغاز سے اب تک سرکاری میڈیا پر باغیوں کے خلاف مسلسل پروپیگینڈا مہم اور نفرت انگیز پیغامات نشر کیے جاتے رہے ہیں۔

Libyen Jubel in Tripolis Grüner Platz Flagge
تصویر: dapd

شمام نے کہا کہ لیبیا کے عوام کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئےآج ہی سے  ہنگامی بنیادوں پر 30 ہزار ٹن پیٹرول کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ انسانی بنیادوں پر امداد کا کام بھی جاری ہے۔ بین الاقوامی ریڈ کراس نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ لیبیا میں عوامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تمام ممکنہ امداد کرے گی۔

دوسری جانب باغی معمر قذافی کے آبائی شہر سِرت کے نواحی علاقوں میں قذافی کی حامی افواج کے خلاف اب بھی مصروف عمل ہیں۔ باغی اُن قبائلی عمائدین کے مذاکرات کے نتائج کے بھی منتظر ہیں، جن سے ممکنہ طور پر بغیر لڑے، انہیں شہر میں داخلے کی اجازت مل سکتی ہے۔ جمعے کی رات مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے لڑاکا طیاروں نے بھی سِرت میں کیے گئے فضائی حملوں میں ایک فوجی گاڑی سمیت 11 گاڑیوں جبکہ دو دیگر فوجی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔

دریں اثناء لیبیا کی قومی عبوری کونسل کے سربراہ محمود جبریل، جنہیں اپوزیشن کا وزیر خارجہ بھی کہا جاتا ہے، آج قاہرہ میں مصر کی سپریم کونسل آف آرمڈ فورسز کے سربراہ حسین تنتاوی، وزیراعظم اعصام شریف اور وزیرخارجہ محمد کمال امر سے قاہرہ میں ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : شامل شمس