1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صدر اوباما کی پہلی منزل کینیڈا

20 فروری 2009

باراک اوباما نے امریکی صدر کی حیثیت سے سب سے پہلے کینیڈا کا دورہ کرکے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو انتہائی اہم قرار دیا۔

https://p.dw.com/p/Gxo0
امریکی صدر کی حیثیت سے باراک اوباما سب سے پہلے کینیڈا کے دورے پر گئےتصویر: AP

امریکہ کے صدر بننے کے بعد اوباما اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے سلسلے میں کینیڈا کا انتخاب کیا اور وہاں کے وزیر اعظم اسٹیفن ہارپر کے ساتھ اہم موضوعات پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماوٴں نے اس بات پر زور دیا کہ مل جل کر ہی عالمی چیلنجوں کا مقابلہ کیا جانا ممکن ہے۔

Kanada Parlamentswahlen Stephen Harper
کینیڈا کے وزیر اعظم اسٹیفن ہارپر نے کہا کہ امریکہ اور کینیڈا کو مل کر عالمی اقتصادی بحران کا مقابلہ کرنا ہوگاتصویر: AP

اوباما نے کہا کہ انہوں نے ہارپر کو اس بات کا یقین دلایا کہ وہ دونوں ملکوں کے مابین تجارت کو فروغ دینے کی غرض سے کینیڈا آئے ہیں، نہ کہ اُس میں کمی کرنے۔ ’’میں نے وزیر اعظم ہارپر کو یقین دلایا کہ میں کاروبار کو بڑھانے کے لئے یہاں آیا ہوں، نہ کہ اسں میں کمی لانے کے لئے۔‘‘

باراک اوباما نے اوٹاوا میں کینیڈا کے وزیر اعظم اسٹیفن ہارپر کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے باہمی تعاون اور اشتراک سے ہی موجودہ مالیاتی بحران کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔’’امریکہ اور کینیڈا باہمی تعاون اور اشتراک سے کام کرتے چلے آرہے ہیں، G-8 اور G-20 میں بھی۔ دونوں ملکوں کے باہمی تعاون سے ہی لوگوں کا ہمارے معاشی بازاروں پر اعتماد بحال ہوسکے گا۔‘‘

Afghanistan Kanada Soldat in Kabul
افغانستان میں نیٹو کی سربراہی میں کینیڈا کا یہ فوجی اہلکار ڈیوٹی پر تعیناتتصویر: AP

کینیڈا کے وزیر اعظم ہارپر نے اس موقع پر کہا کہ وہ اور صدر اوباما اس بات پر متفق ہیں کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے اور بھی زیادہ قریب آکر کام کرنا چاہیے تاکہ موجودہ مالیاتی بحران کے اثرات پر قابو پایا جاسکے۔’’ہم اس بات پر متفق ہیں کہ کینیڈا اور امریکہ کو ایک دوسرے کے پہلے سے اور بھی زیادہ قریب آکر کام کرنا چاہیے تاکہ عالمی اقتصادی بحران کا مقابلہ کرنا ممکن ہوسکے۔‘‘

اوٹاوا میں باراک اوباما کا والہانہ انداز میں استقبال کیا گیا۔

اوباما انتظامیہ نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے تمام رکن ملکوں پر یہ واضح کردیا ہے کہ انہیں افغانستان جنگ میں طالبان کی شکست کو یقینی بنانے کے لئے اپنے مزید فوجی وہاں بھیجنے ہوں گے۔ اس سلسلے میں تاہم کینیڈا پر زور نہیں دیا گیا کیوں کہ کینیڈا کو عراق اور افغانستان جنگوں کے سلسلے میں بہت زیادہ مالی اور جانی نقصان اُٹھانا پڑا ہے۔