1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صدر اوباما پر قاتلانہ حملے کا ملزم زیر حراست

18 نومبر 2011

امریکہ میں آسکر اورٹیگا ہیرنانڈیز نامی 21 سالہ شخص پر صدر باراک اوباما کو قتل کرنے کا الزام عائد کر دیا گیا ہے۔ اس نے مبینہ طور پر صدر اوباما کو شیطان اور مسیح مخالف قرار دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/13ClR
تصویر: dapd

واشنگٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آسکر اورٹیگا کو ریاست پنسلوانیا کی پولیس نے بدھ کے روز سے حراست میں لے رکھا ہے۔ دنیا میں محفوظ ترین سمجھی جانی والی امریکی صدر کی واشنگٹن میں قائم رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کے واقعے کے بعد اس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی۔

وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ کا یہ واقعہ جمعے کو پیش آیا تھا۔ امریکی صدر اور ان کے اہل خانہ اس موقع پر وائٹ ہاؤس میں موجود نہیں تھے اور اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

Krieg in Libyen Flash-Galerie
تصویر: AP

امریکی سیکرٹ سروس کے ایک اہلکار ایڈون ڈونوان کے بقول آسکر کو انڈیانا کے قریب پنسلوانیا کے ایک ہوٹل سے حراست میں لیا گیا تھا۔ شاہراہ دستور Constitution Avenue پر واقع وائٹ ہاؤس سے چند میٹر کے فاصلے پر فائرنگ کے اس واقعے کے کچھ دیر بعدہی پولیس کو جائے واردات کے پاس ایک مشکوک گاڑی ملی تھی۔ بعد میں کھوج لگانے پر پتہ چلا یہ گاڑی آسکر اورٹیگا کے نام پر درج ہے۔

آسکر کے خلاف درج کرائی گئی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ پولیس کو ایک نیم خودکار رائفل ملی، جس کے اوپر دوربین نصب تھی اور ساتھ ہی نو خالی شیل بھی ملے ہیں۔ آسکر کے خلاف گواہی دینے والے دو افراد میں سے ایک کا کہنا ہے کہ آسکر نے امریکی صدر کو ’شیطان‘ اور ’مسیح مخالف‘ قرار دیا تھا۔ دوسرے شخص کے بقول آسکر نے کہا تھا کہ، ’ اوباما کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے‘‘ گواہ کے مطابق آسکر نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ وفاقی حکومت اس کے خلاف سازش تیار کر رہی ہے۔

چارج شیٹ کے مطابق وفاقی امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے اہلکاروں کو وائٹ ہاؤس کے جنوبی حصے اور دوسری منزل میں گولیوں کے واضح نشانات ملے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کا جنوبی حصہ تین حصوں پر مشتمل ہے۔

Washington Unbekannter Schütze feuert auf das Weiße Haus
قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار وائٹ ہاؤس کا جائزہ لیتے ہوئےتصویر: dapd

گراؤنڈ فلور پر دفاتر موجود ہیں اور یہاں وائٹ ہاؤس میں زیر استعمال برتن وغیرہ نمائش کے لیے رکھے جاتے ہیں۔ مرکزی فلور میں متعددکمرے ہیں، جن کی کھڑکیاں جنوب کی طرف کھلتی ہیں۔ ان میں صدارتی پریس کانفرنس والا کمرہ اور کھانے کا کمرہ بھی شامل ہیں۔ ٹاپ فلور کو صدر کی نجی رہائش گاہ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور یہاں کی تمام کھڑکیاں بھی جنوب کی طرف کھلتی ہیں۔

آسکر اورٹیگا پر پیٹزبرگ کی وفاقی عدالت میں یہ الزام لگائے گئے، جہاں کے جج نے اسے پولیس کی تحویل میں رکھنے کا حکم سنایا۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں آسکر کو عمر قید ہوسکتی ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں