1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شير اور چيتے کا نسلی ملاپ: دو ’لائگر‘ ضبط

17 اگست 2010

تائيوان ميں فطرت کے اصولوں اور ملکی قانون کی خلاف ورزی کے الزام پر ايک فارم يا نجی چڑياگھر کے مالک کو بھاری جرمانے کا سامنا ہے۔ یہ معاملہ ايک شير اور مادہ چيتے کے ملاپ کا ہے۔

https://p.dw.com/p/OpRK
تائيوان ميں لائن اور ٹائیگر کے ملاپ سے پیدا ہونے والے تین میں سے دو ’لائگر‘تصویر: AP

تائيوان کے ايک نجی چڑيا گھر ميں اس جزيرے پر پہلی مرتبہ ايک شير اور ایک مادہ چيتے کے ملاپ سے Liger کہلانے والے نئے مخلوط جانور پيدا ہوئے، جنہیں حکام نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

يہ تين لائگر گزشتہ ہفتے کے روز ’ورلڈ سنيک کنگ ايجوکيشن فارم‘ نامی نجی چڑيا گھر ميں پيدا ہوئے تھے۔ اس فارم کے مالک ہوانگ کونان کا کہنا ہے کہ ان ميں سے ايک لائگر پيدا ہونے کے فوراً بعد ہی مر گيا تھا۔ ہوانگ نے کہا کہ مادہ چيتے اور شير کو چھ سال قبل ان کے بچپن ہی سے پنجرے ميں اکٹھا رکھا گيا تھا اور اس کے بعد سے کبھی کوئی واقعہ پيش نہيں آيا تھا اور اس لئے انہيں مادہ چيتے کے حاملہ ہونے پر حيرت ہوئی تھی۔

Flash-Galerie Afrika
کينيا کے نيشنل سفاری پارک کے دو شيرتصویر: picture-alliance/ dpa

تائيوان کے اس علاقے تائی نان کی حکومت نے ہوانگ کی ملکیت ایک فرم کی حدود ميں پيدا ہونے والے ان دونوں لائگر بچوں کو اپنی تحويل ميں لے کر جنوب کے ايک دوسرے علاقے ميں واقع جنگلی جانوروں کے ایک ہوسٹل ميں منتقل کر ديا ہے۔

ہوانگ نے اس پر کہا: ’’ميں اس فيصلے کا احترام کرنے کے علاوہ اور کيا کر سکتا ہوں؟ ليکن مجھے اميد ہے کہ ان دونوں لائگرز کی اچھی طرح سے ديکھ بھال کی جائے گی۔‘‘

تائيوان کی کونسل آف ايگريکلچر کا کہنا ہے کہ ہوانگ پر حکام سے پيشگی اجازت لئے بغير جنگلی جانوروں کی مخلوط نسل تیار کرنے اور جنگلی حيات کے تحفظ کے قانون کی خلاف ورزی پر 50 ہزار تائيوانی ڈالر تک کا جرمانہ عائد کيا جا سکتا ہے۔ تائی نان ميں زرعی محکمے کے سربراہ کو ژی پين نے کہا: ’’دو زير تحفظ حيوانات کی مخلوط نسل پيدا کرنا قانون اور فطرت کے خلاف ہے۔ اس پر ہم اس کے ذمہ دار فرد پر 50 ہزار ڈالر تک کا جرمانہ کريں گے۔‘‘ 50 ہزار تائيوانی ڈالر تقريباً 1600 امريکی ڈالر کے برابر بنتے ہيں۔

Flash-Galerie Tiger (Indien)
برصغیر پاک و ہند کا مشہور زمانہ رائل بنگال ٹائیگرتصویر: AP

اس فارم کے مالک ہوانگ نے اس امر سے انکار کيا ہے کہ انہوں نے جان بوجھ کر شير اور چيتے کا جنسی اختلاط کرايا تھا۔ ہوانگ نے کہا: ’’يہ دونوں چھ سال سے ايک ہی پنجرے ميں رہ رہے تھے اور يہ محض اتفاق ہے کہ اب ان کے بچے پيدا ہوئے ہيں۔‘‘

ہوانگ سانپوں کی افزائش کرتے ہيں اور انہیں حال ہی ميں غير قانونی طور پر چيتے فروخت کرنے کے الزام میں جرمانہ بھی کيا گیا تھا۔

شير اور مادہ چيتے کے ملاپ سے پيدا ہونے والا جانور لائگر، جس کا نام لائن اور ٹائیگر کا امتزاج ہے، دينا ميں بہت ہی کم پايا جاتا ہے اور وہ چيتے اور شيرنی کے جنسی اختلاط سے جنم لينے والے جانور ’ٹائگلن‘ یا ’ٹائیگر لائن‘ سے بہت مختلف ہوتا ہے۔

لائگر اپنے وزن اور جثے دونوں ميں اپنے ماں باپ سے بڑا ہوتا ہے کيونکہ اس کی جينياتی اصلیت تبدیل ہو چکی ہوتی ہے۔ یہ جانور صرف قيد ہی ميں زندہ بچ سکتا ہے اور اس ميں افزائش نسل کی صلاحيت نہيں ہوتی۔

رپورٹ: شہاب احمد صدیقی

ادارت: مقبول ملک