1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شوہر ایئر پورٹ پر یکدم چیخنے لگا: ’میری بیوی کے پاس بم ہے‘

مقبول ملک ڈی پی اے
2 جون 2017

ایک بھارتی شہری کو ایک جرمن ایئر پورٹ پر اس کی طرف سے کئی بار کیا گیا یہ مذاق بہت مہنگا پڑا کہ اس کی بیوی کے پاس ایک بم تھا۔ اس واقعے کے بعد اس بھارتی شہری کو واپس ممبئی اور اس کے اہل خانہ کو ہنگری بھیج دیا گیا۔

https://p.dw.com/p/2e3W3
Streik auf dem Flughafen Köln/Bonn
تصویر: dapd

جنوبی جرمن شہر میونخ سے جمعہ دو جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق جرمن صوبے باویریا کے اس دارالحکومت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ ایک ایسے آٹھ رکنی بھارتی خاندان کے ساتھ پیش آیا، جو ممبئی سے میونخ کے راستے ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپسٹ جا رہا تھا۔

میونخ میں پرواز تبدیل کرنے کے عمل کے دوران جب اس خاندان کے ارکان کو نئے سرے سے ایکسرے اور سکیورٹی سسٹم سے گزرنا پڑا، تو اس کنبے کے بیالیس سالہ سربراہ نے مذاقاﹰ کہنا شروع کر دیا کہ اس کی بیوی کے پاس ایک بم ہے۔

 

پیرس کے اورلی ایئر پورٹ پر مشتبہ حملہ آور ہلاک کر دیا گیا

جرمنی میں بم حملوں کا منصوبہ، شامی ملزم کی جیل میں خود کشی

’داعش کے مشتبہ دہشت گرد کا ہدف برلن ایئر پورٹ تھا‘

ہنسی مذاق پر آمادہ اس بھارتی باشندے نے ایسا صرف ایک بار ہی نہیں کیا بلکہ جب اس کی بیوی سکیورٹی سسٹم سے گزرنے کے لیے آگے بڑھی تو اس نے قدرے اونچی آواز میں کئی بار یہ کہا کہ اس کی بیوی کے پاس تو ایک بم ہے۔

Flughafen Körperscanner
یورپ کے زیادہ تر ہوائی اڈوں پر اب باڈی اسکینر لگائے جا چکے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/A. Warmuth

جمعرات یکم جون کو پیش آنے والے اس واقعے میں موقع پر موجود پولیس اور دیگر سکیورٹی ماہرین نے جب متعلقہ بھارتی خاتون کی تلاشی لی تو اس کے پاس سے کوئی بم یا دھماکا خیز مواد برآمد نہ ہوا۔

بعد ازاں اس شخص نے، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، پولیس کو دوران تفتیش بتایا کہ وہ تو محض مذاق کر رہا تھا۔ لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ ایئر پورٹ حکام نے اسے اگلی ہی فلائٹ پر واپس ممبئی بھیج دیا جبکہ چند بچوں سمیت اس کے سات اہل خانہ کو، جن کا اس واقعے میں کوئی قصور نہیں تھا، پروگرام کے مطابق سفر جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد اس خاندان کے باقی تمام ساتوں افراد اپنی فلائٹ کے ذریعے بوڈاپسٹ روانہ ہو گئے۔

پولیس نے بتایا کہ اس بھارتی باشندے کو، جسے اس قسم کا کوئی مذاق نہیں کرنا چاہیے تھا، واپس بھیجے جانے سے قبل یہ قانونی نوٹس بھی جاری کر دیا گیا کہ اس نے امن عامہ میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے کے علاوہ ایک ممکنہ جرم کے ارتکاب کی دھمکی بھی دی تھی۔