1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہد آفریدی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن

20 مئی 2010

ٹی ٹوینٹی کے لئے بنائے گئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہدآفریدی نے کہا ہے کہ تورنامنٹ کے دوران وہ کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

https://p.dw.com/p/NSbW
تصویر: AP

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نےٹی ٹونٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کی ٹیم سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد فائنل میں ہار بھی جاتی تو بھی وہ قابل قبول ہوتا۔ ان کے مطابق قومی ٹیم سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقہ جیسی ٹیم کو ہراکر سیمی فائنل میں پہنچی تھی اسی لئے آسڑیلیا کے ہاتھوں شکست سے انہیں بہت دکھ ہوا، تاہم انہوں نے کہا کہ ان عالمی مقابلوں میں قومی ٹیم متحد ہو کر کھیلی جس پر بطورکپتا ن انہیں فخر ہے۔

پاکستانی ٹیم جو اس مرتبہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی تھی اور سیینٹ لوسیا میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا سے ہار گئی تھی، کے کپتان شاہد آفریدی نے ویسٹ انڈیز سےکراچی پہنچنے پر میڈیا سےباتیں کرتے ہوئے کرکٹ کے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ قومی ٹیم ماضی کے کٹھن حالات سے نکل کر آئی ہے اس لئے اب متحد ہوکر کھیلنے اور اچھے نتائج دینے سے ہی قوم کا اعتماد دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے مطابق اگرچہ ابتدائی میچوں میں قومی ٹیم کی کارکردگی متاثرکن نہیں تھی لیکن اس کے باوجود انہوں نے حوصلہ نہیں ہارا اور بہت اچھے طریقے سے ان کی ٹیم ٹورنامنٹ میں واپس آئی۔

T 20 Cricket World Cup 2010 Pakistan Bangladesh
وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکملتصویر: AP

سیمی فائنل میں پاکستان کی یقینی فتح کو آسٹریلیا کی جھولی میں ڈالنے والے، اسپنر باؤلر سعید اجمل کی تعریف کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ میچ وننگ باؤلر ہیں اور اس نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو یہ نتائج قبول کرتے ہوئے آئندہ سیریز کے لئے ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے بلے باز مائیکل ہسی نے 24گیندوں پر 60 رنز بنا کر ناممکن کو ممکن بنا دیا تھا۔ خیال رہے کہ امسال انگلینڈ کی ٹیم نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

حال ہی میں دورہ آسٹریلیا کے دوران مایوس کن کارکردگی کی تحقیقات کرنے والی کیمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی اور جرمانہ عائد کیا تھا۔ ٹی ٹونٹی کے موجودہ کپتان شاہد آفریدی کے علاوہ سابق کپتان یونس خان، محمد یوسف اور شعیب ملک کے علاوہ دیگر کھلاڑی ان سزاؤں کی زد میں آئے تھے۔ ان پابندیوں کے بعد محمد یوسف نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جبکہ ان سزاؤں کے خلاف یونس خان اور شعیب ملک کی اپیلیں پی سی بی میں زیر سماعت ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم اسی سال انگلینڈ کا دورہ کرے گی جہا ں وہ میزبان ٹیم کے خلاف چار ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ میچوں کے علاوہ ، برطانیہ میں ہی آسٹریلیا کے خلاف دو ٹی ٹونٹی اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی جبکہ15 سے 24 جون تک سری لنکا میں کھیلے جانے والے چارملکی ایشیاء کپ میں بھی حصہ لے گی۔ پاکستان میں کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ان مقابلو ں میں شرکت کر نے والی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعلان آئندہ دو دن میں کر دیا جا ئے گا۔

رپورٹ :بخت زمان

ادارت: کشور مصطفٰی