1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیلین ڈییون کے شوہر کا جنازہ وہیں، جہاں شادی ہوئی تھی

عاطف توقیر16 جنوری 2016

کینیڈا سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہ سیلین ڈییون کے شوہر رونے آنجےلیِل کی آخری رسومات اگلے ہفتے اسی کلیسا میں ادا کی جائیں گی، جہاں اس فنکارہ کی بائیس برس قبل ان سے شادی ہوئی تھی۔

https://p.dw.com/p/1Hech
Celine Dion und Ehemann Rene Angelil
تصویر: picture alliance/abaca/P. Audrey

یہ کلیسا کینیڈا کے شہر مونٹریال میں واقع ہے، اور وہاں سیلین ڈییون کے شوہر کی آخری رسومات کی ادائیگی کی فیصلے کی اس خاندان کے ایک ترجمان نے تصدیق کر دی ہے۔ آنجےلیِل نے اس کینیڈین پاپ اسٹار کے کیریئر میں انتہائی اہم کردار ادا کیا تھا اور وہ ماضی میں ڈییون کے مینیجر بھی رہے تھے۔ رَونے آنجےلیِل کا انتقال جمعرات چودہ جنوری کے روز 73 برس کی عمر میں ہوا تھا اور وہ سرطان کے مرض میں مبتلا تھے۔

سن 1994 میں Rene Angelil کی ملاقات Celine Dion سے اس وقت ہوئی تھی، جب یہ پاپ گلوکارہ صرف 26 برس کی تھیں اور وہ خود ان سے قریب دوگنی عمر کے تھے۔ بعد میں اس جوڑے کی شادی نہایت دھوم دھام سے ہوئی تھی اور کینیڈا میں ٹیلی ویژن پر اس شادی کی تقریبات براہ راست نشر کی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ اس شادی کی رنگا رنگ کوریج تمام اہم اخبارات اور جرائد نے بھی کی تھی۔

اس فیملی کے جاری کردہ بیان کے مطابق، ’’21 برس قبل، انہوں نے اُس خاتون سے شادی کا فیصلہ کیا، جو آخری سانس تک ان کی زندگی کی سب سے بڑی محبت رہیں۔ ایک فن کارہ، جس کے لیے ان کے دل میں بے انتہا محبت تھی، ایک عورت جسے نے انہیں آخر دم تک خوشی اور روشنی کا احساس دیا۔‘‘

Bambi 2012 in Düsseldorf Celine Dion
عالمی شہرت یافتہ گلوکار 26 برس کی عمر میں آنجے لیل سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیںتصویر: dapd

بتایا گیا ہےکہ مونٹریال سے تعلق رکھنے والے سیلین ڈییون کے مرحوم شوہر رونے آنجےلیِل کے جسدِ خاکی کو اس باسیلیکا میں آخری دیدار کے لیے رکھا جائے گا اور آخری رسومات کا آغاز جمعرات کے روز ہو گا، جہاں لوگ انہیں خراجِ عقیدت پیش کر سکیں گے۔

آئندہ جمعہ بائیس جنوری کے روز ان رسومات کے آخری دن ان میں بہت بڑی تعداد میں عوامی شرکت متوقع ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ ان رسومات میں شرکت کے لیے سیاسی رہنما اور اہم کاروباری شخصیات بھی مونٹریال پہنچیں گی۔

اس کے علاوہ آنجےلیِل کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تین فروری کے روز لاس ویگاس میں بھی ایک خصوصی تعزیتی تقریب منعقد کی جائے گی۔ اپنے شوہر کے انتقال کی وجہ سے سیلین ڈییون موجودہ ویک اینڈ کے لیے طے کردہ اپنے تمام کانسرٹس پہلے ہی منسوخ کرنے کا اعلان کر چکی ہیں۔