1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیلاب زدگان میں کیش کارڈ کے ذریعے نقد رقوم کی تقسیم کا عمل شروع

29 ستمبر 2010

پاکستانی صوبہ خیبر پختونخوا میں سیلاب زدگان میں کیش کارڈ کے ذریعے نقد رقوم کی تقسیم کا عمل شروع ہوگیا ہے مگر اس موقع پر ایک افسوسناک واقعے میں تین افراد ہلاک بھی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/PQ1b
پہلے امدادی سامان کے لیے چھینا جھپٹی تو اب کیش کارڈز کے لیےتصویر: AP

نوشہرہ میں نادرا کی جانب سے کارڈ تقسیم کرنے کی اس تقریب میں بھگدڑ مچ گئی تھی، جس کے بعد پولیس کو لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا۔ نتیجہ امدادی رقوم لینے کے لئے جمع ہونے والے متاثرین میں سے تین کی موت اور پچاس سے زائد کے زخمی ہو جانے کی صورت میں نکلا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ضلعی ہیڈ کوارٹر کے ایک ہسپتال میں پہنچا دیا گیا، جہاں آٹھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

اس بارے میں نوشہرہ کے ضلعی پولیس افسر نثار احمد تنولی نے کہا: ”رش کی وجہ سے کئی متاثرین زخمی ہوئے۔ بعض متاثرین طویل انتظار کی وجہ سے بھی بے ہوش ہوئے، جنہیں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔‘‘ نثار تنولی کے مطابق کیش کارڈز کی وصولی کے لئے محدود تعداد میں متاثرین کو بلایاگیا تھا تاہم بہت سے متاثرین بن بلائے ہی وہاں پہنچ گئے، جس کی وجہ سے ہرکوئی اپنے لئے اس کارڈ کے حصول کی کوششیں کرتا رہا۔“

Pakistan Flut Katastrophe 2010 Flash-Galerie
کارڈز کی وصولی کے لئے محدود تعداد میں متاثرین کو بلایاگیا تھا تاہم بہت سے متاثرین بن بلائے ہی وہاں پہنچ گئےتصویر: Pakistan-Relief.org

نوشہرہ میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی نے صوبے میں کیش کارڈ کے ذریعے متاثرین کی مدد کرنے کے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے متاثرین کے سو نامزد خاندانوں میں یہ کارڈ تقسیم کئے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ وزیر اعلیٰ کا اس موقع پر کہناتھا: ”متاثرین کونقد امداد کی فراہمی میں وفاقی حکومت بھی تعاون کر رہی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں متاثرین کو بیس ہزار روپے فی خاندان امداد دی جا رہی ہے۔ تاہم نقصان اتنا زیادہ ہے کہ اس کی تلافی میں وقت لگے گا۔ یہ وطن کارڈ تقسیم کرنے میں دو ماہ بھی لگ سکتے ہیں۔“

Pakistan Haider Khan Hoti
حیدد خان ہوتی وزیر اعظم گیلانی کے ساتھ،فائل فوٹوتصویر: Abdul Sabooh

ضلع نوشہرہ میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی تعداد چالیس ہزار ہے، جن میں سے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے اب تک صرف دس ہزار خاندانوں کے متاثرہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ان ‌خاندانوں کو ابتدائی مرحلے میں امدادی کارڈ دئے جائیں گے۔ تاہم نوشہرہ کے متاثرین حکومتی اقدامات کی سست روی کا رونا روتے ہیں۔ وہ رجسٹریشن میں بےقاعدگیوں کے الزام بھی لگاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومتی ادارے سیاسی وابستگیوں کی بنیاد پر رجسٹریشن کرتے ہیں۔

اس کے برعکس نادرا کاکہنا ہے کہ اس ادارے کو جو ڈیٹا فراہم کیا جاتا ہے، اس کے مطابق رجسٹریشن کی جاتی ہے اور آگے جا کر اسی بنیاد پر کارڈ بنائے جاتے ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان عدنان خان نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ ’’جتنے بھی متاثرین ہیں، سب کو امدادی رقم یعنی وطن کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔

رجسٹریشن کی وجہ سے کسی کو پہلے اور کسی کو چند دن بعد یہ کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بطریق احسن ان کارڈز کی تقسیم کو یقینی بنائے۔“

نوشہرہ میں ضلعی انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ کی تقریب کے لئے مخصوص متاثرین کو ہی مدعو کیاتھا۔ تاہم ضلعی انتظامیہ اور نادرا کی جانب سے وطن کارڈز کی تقسیم کے لئے اخبارات میں اشتہارات دینے کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر بینرز بھی لگوائے گئے تھے، جن کے بعد ہرمتاثرہ شخص ان کارڈوں کی تقسیم کے مرکز میں پہنچ گیاتھا۔

اطلاعات کے مطابق علی الصبح کارڈ تقسیم کرنے کے مرکز کے صدر دروازے کے سامنے ہزاروں متاثرین جمع ہو گئے تھے۔ گیٹ کھلتے ہی ہرکوئی اندر جانے کے لئے زور لگا رہاتھا۔ ایسے میں دھکم پیل کی وجہ سے درجنوں افراد پیروں تلے آ کر کچلے گئے۔ ان میں زیادہ تر عمر رسیدہ متاثرین تھے جبکہ پولیس نے ہجوم کومنتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا، جس سے درجنوں متاثرین زخمی ہو گئے۔

رپورٹ: فریداللہ خان، پشاور

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں